356

وزیر اعلیٰ خالدخورشید کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک یقینی ہے۔ پی ڈی ایم کے پاس مطلوبہ نمبر پورے ہیں/رکن گلگت بلتستان اسمبلی سعدیہ دانش

پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات و رکن گلگت بلتستان اسمبلی سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خالدخورشید کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک یقینی ہے۔ پی ڈی ایم کے پاس مطلوبہ نمبر پورے ہیں۔ بہت جلد گلگت بلتستان کے عوام کو خوشخبری ملے گی اور مہنگائی و بیروزگاری کا دور ختم ہوگا اور خوشحالی اور تعمیر و ترقی کا دور شروع ہوگا۔ خالد خورشید کو یہ اندازہ ہونا چاہئے کہ اب انکا دور ختم ہونے کے قریب ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے موجودہ دور حکومت میں جتنی مشکلات سہی ہیں اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ کمر توڑ مہنگائی اور بدانتظامی نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے اور حکومت محض زبانی دعوؤں اور اعلانات تک محدود رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اس وقت بھی کوئی کارکردگی نہیں دکھا سکی جب وفاق میں بھی انکی حکومت تھی اب وفاق میں سیاسی منظر نامہ تبدیل ہو چکا ہے اور صوبائی حکومت مکمل طور پر کٹھ پتلی بن چکی ہے ایسے میں انکا کام صرف تنخواہیں لینے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ تقریباً چار سال میں سابق وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کے عوام کو مکمل طور پر نظرانداز کئے رکھا یہاں تک کہ عبوری آئینی صوبے کے معاملے پر بھی جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کئے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشاء  اللہ گلگت بلتستان میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پرانے پاکستان کی طرح پرانا گلگت بلتستان واپس آئے گا اور عوامی مشکلات میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں