219

یونیورسٹی آف چترال نے ملک کا 75واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا

چترال(نامہ نگار) یونیورسٹی آف چترال نے ملک کا 75واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے یونیورسٹی آف چترال کے لان میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تقریبات کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ یونیورسٹی آف چترال کے مین کیمپس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظاہر شاہ مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے قوم کو آزادی کے 74 شاندار سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔ وائس چانسلر نے سرسید احمد خان، علامہ اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح سمیت قوم کے عظیم رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی طرف سے بہت بڑی نعمت ہے۔ پروگرام میں طلباء، فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر سپورٹس ویک کی ونر اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے یونیورسٹی کیمپس سے جغور پل تک ایک جیپ ریلی بھی نکالی گئی۔ ریلی میں طلباء اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے اختتام پر وائس چانسلر نے ریلی کے شرکاء کا شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں