251

چترال کے لوکل باڈیز ،صوبائی اور قومی اسمبلی میں خواتین کے لئے مختص نشستوں کو کل سیٹوں کا33فیصد سے ذیادہ اضافہ کرکے کم از کم 45فیصد کردیاجائے/مولاناعبدالشکور/قاری سلامت اللہ

چترال (ڈیلی چترال نیوز) چترال کے تمام لوکل سپورٹ پروگراموں کے نمائندہ تنظیم چترال کمیونٹی ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک (سی سی ڈی این) چترال کی دعوت پر سول سوسائٹی تنظیموں بشمول آل پولیٹیکل پارٹیز، علمائے کرام اور سماجی ورکروں کا مشترکہ اجلاس پیر کے روز چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں زیر صدارت مولانا عبدالشکور، سینئر رہنما جے یو آئی چترال اورسابق ضلع نائب ناظم چترال منعقد ہوا جس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ چترال کی پسماندگی، دورافتادگی اور یہاں پائی جانے والی غربت کے تناظر میں چترال میں خواتین کے لئے لوکل باڈیز کے تحصیل اور ویلج کونسلوں اور پارلیمنٹ کے اداروں صوبائی اور قومی اسمبلی میں خواتین کے لئے مختص نشستوں کو کل سیٹوں کا33فیصد سے ذیادہ اضافہ کرکے کم از کم 45فیصد کردیاجائے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ چترال میں خواتین گوناگوں اور گھمبیر مسائل سے دوچار ہیں اور خواتین کی موجودہ نمائندگی قطعی طور پر ناکافی ہے اور یہی وجہ ہے کہ چترال (اپر اور لویر چترال کے دونوں اضلاع) میں خواتین میں خود کشی کا رجحان بڑھتا جارہاہے اور انہیں سیاسی، معاشی اور معاشرتی طور پر با اختیار بناکر ہی ان کو مسائل کے گرداب سے نکالا جاسکتا ہے اور یہ کام اسی وقت ممکن ہوسکتا ہے جب لوکل باڈیز اور پارلیمنٹ میں چترالی خواتین کی نمائندگی 45فیصد ہو۔ آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے گورنمنٹ آف کینیڈا کے تعاون سے شروع کردہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے بیسٹ فار وئیر پراجیکٹ کے تحت اس نشست میں سی سی ڈی این کے چیرمین رحمت الٰہی نے کہاکہ خواتین کے لئے ذیادہ نشستیں مخصوص کرانے کے لئے ایڈوکیسی کی ضرورت ہے تاکہ ارکان پارلیمنٹ اور دوسرے متعلقہ اداروں میں اس حقیقت کا ادراک پیدا ہو۔ اس موقع پر صدر محفل مولانا عبدالشکور نے اس ایڈوکیسی مہم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے وقت کا اہم ضرورت قرار دیا اور کہاکہ اس مہم میں سوسائٹی کے تمام طبقوں کا بھر پور شرکت یقینی ہونا چاہئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ منتخب خواتین کو ان کے فرائض کی ادائیگی کے حوالے سے مکمل تربیت فراہم کرنا بھی ناگزیر ہے تاکہ وہ مختلف اسمبلیو ں اور کونسلوں میں اپنے حقوق وفرائض کی پہچان کرکے خواتین کے لئے جدوجہد کرسکیں۔ منیجر بیسٹ فارویرپراجیکٹ اے کے آرایس پی چترال شائستہ جبین نے کہاکہ فار وئیر پراجیکٹ قومی زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنانے کے حوالے پاٹنراداروں کے ساتھ مل کام کررہےہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے تحصیل امیر مولانا قاضی سلامت اللہ، چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین، کے آئی ڈی پی کے چیرمین عبدالغفار، پی ٹی آئی کے رہنما امین الرحمن، سماجی کارکن عنایت اللہ اسیر، اسسٹنٹ الیکشن کمشنر ظفر احمد، لوکل سپورٹ پروگرام کے چیرمین عرفان احمد، نازیہ حسن وائس چیرمین سی سی ڈین این، حاجیہ بی بی سوشیالوجسٹ پاپولیشن ویلفیر، امینہ بی بی منیجر سی سی ڈی این، شبنم صدر پی پی پی لویر چترال، سعادت حسین پلاننگ افیسر اور دوسروں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں