چترال میں اقلیتی کمیونٹی کے طلباء وطالبات کیلئے منعقدہ چھ روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ،جس میں70 کالاش اور کرسچن طلباء وطالبات نےحصہ لیا

چترال (ڈیلی چترال نیوز)محکمہ اوقاف ،حج ،مذہبی واقلیتی امور خیبرپختونخوا نے لائیزون کارپویشن پشاورکے زیراہتمام چترال کے اقلیتی نوجوانوں کی صلاحیت سازی ،روزگارکے ہنر اوردوسرے موضوعات پر چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں چھ روزہ تربیتی ورکشاپ کاانعقاد کیاگیا۔ جس میں کالاش اورکرسچن کمیونٹی کے 70 طلباء وطالبات نے بھرپورشرکت کی۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال انور اکبر ورکشاپ کی انعقاد پرمحکمہ اوقاف اورلائیزون کارپویشن کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس تربیتی ورکشاپ کا بنیادی مقصد اقلیتی نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے انکی استعداد کار بڑھانا، انہیں عملی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرکے ملک کے اعلی تعلیم یافتہ اور پیشہ وارانہ مہارت رکھنے والے لوگوں کی زیر نگرانی نئی جدت سے روشناس کراناہے ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کا تربیتی ورکشاپس عملی میدان میں مثبت نتائج کی حامل ثابت ہوگی اور بیروزگاری کے خاتمے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ضلعی انتظامیہ اقلیتی کمیونٹی کی محرومیوں کے خاتمے کے لئے سنجیدہ ہیں اُن کے مسائل کوحل کرنے اورترقی کے یکسان مواقع فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش کررہے ہیں ۔انہوں نے محکمہ اقلیتی امو رکے ذمہ داران سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے اوربھی ورکشاپس چترال کے اقلیتی برادری کے لئے انعقاد کیاجائے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا۔تاکہ یہ لوگ مستقبل میں باعزت روزگار حاصل کرکے اپنی کمیونٹی اور خاندان کا سہارا بن سکیں۔
تقریب سے محکمہ اوقاف کےڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض ،لائیزون کارپویشن کے پروگرام افیسر محمدمہربان ،کالاش کمیونٹی کےثراوت شاہ اوردوسروں نے شرکاء ورکشاپ پر زوردیتے ہوئے کہاکہ اپنی جدوجہد کو مستقل مزاجی ، تسلسل اور لگن سے قائم و دائم رکھیں کامیابی کی منازل ضرور ملیں گے۔انہوں نے کہاکہ اقلیتی نوجوانوں کی محرومیوں کو دور کرکے انہیں معاشرے کا فعال شہری بنانے کیلئے محکمہ اقلیتی اموراقلیتی برادری کے پیشہ وارانہ مہارتوں کومزیدبہتربناکراُن کی زندگیوں میں بامعنی تبدیلیاں لانے کے لئے کوشاں ہیں ۔ اس مقصد کے لئے آمدنی پیدا کرنے والی سرگرمیوں کے طریقہ کارنوجوانوں کوسکھیاجاتاہے ۔تاکہ اقلیتی کمیونٹی کے مردخواتین معاشی اورسماجی طورپربااختیارہوجائے۔ورکشاپس کے آخرمیں محکمہ اقلیتی امور اور لائیزون کارپوریشن کی طرف مہمانوں کوشیلڈزپیش کی گئی اورشرکاء ورکشاپ کوتعریفی اسناد سے نوازا گیا






