نوجوان نسل کو تعلیم، اقتصادی وسائل اور روزگار کے مواقع تک زیادہ رسائی دیاجائےتاکہ وہ قومی ترقی میں برابر کے شراکت دار بن سکیں/اے سی چترال ڈاکٹرعاطف جالب

چترال(ڈیلی چترال نیوز) ڈائریکٹر یوتھ افیئر خیبر پختونخوا اورضلعی انتظامیہ لوئرچترال کے ہدایت پر ڈسٹرکٹ یوتھ آفس لوئر چترال کے زیراہتمام آغا خان ہائی سیکنڈری سکول سین لشٹ چترال میں گذشتہ روز نوجوانوں کا عالمی دن منایاگیا۔اس دن کومنانے کامقصدنوجوانوں کی تعمیری صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، ان میں مثبت سرگرمیوں کے رجحان کی حوصلہ افزائی کرنا ،ان کی تعلیم اورملازمت وغیرہ پرتوجہ دیناہے تاکہ دنیابھرکی ترقی یافتہ اقوام کی طرح پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کوبروئے کارلایاجاسکے۔ ترقی کے ہرمنزل میں نوجوانوں کے کردار، ان کی اہمیت و افادیت کو زیر بحث لانےکی ضرورت ہے۔اس حوالے AKHSS سکول سین لشٹ میں قرآن پاک کی تلاوت،نعت باری تعالی،مختلف موضوعات پر تقریری مقابلہ، موسیقی (مقامی زبان)اوردوسرے مقابلوں کاانعقادکیاگیا۔پروگرام کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر لوئرچترال ڈاکٹرعاطف جالب،پرنسپل سکول ہذا طفیل نواز،ڈسٹرکٹ یوتھ افیسر لوئرچترال جبارغنی اوردوسروں نےکہاکہ نوجوان نسل کو تعلیم، اقتصادی وسائل اور روزگار کے مواقع تک زیادہ رسائی دیاجائےتاکہ وہ قومی ترقی میں برابر کے شراکت دار بن سکیں۔آج کل کے نوجوان کئی چیلنجزکاشکارہیں ہمیں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کی آبادی قوم کا اثاثہ ہے۔ یہ قومی طاقت کا وہ عنصر ہیں جن کا صحیح استعمال کیا جائے تو ملک کو عزت اور خوشحالی کی بلندیوں پر پہنچا سکتا ہے۔پروگرام کے آخرمیں یوتھ آفس لوئرچترال کی طرف سے مقابلوں میں پوزیشن ہولڈرزطلباء وطالبات، شرکاء، ججز اور مہمانوں میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ پرنسپل اے کے ایچ ایس ایس طفیل نوازنے پروگرام کے انعقاد پرضلعی انتظامیہ اور یوتھ آفس چترال کا شکریہ ادا کیا