7اکتوبر2023کو گورنمنٹ ہائی سکول ہرچین میں باقاعدہ کام شروع ہونے پرعلاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

چترال(نمائندہ ) شاہد علی خان یفتالی ایڈوکیٹ نے اہلیان لاسپور کی طرف سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ہرچین میں باقاعدہ کام شروع ہونے پر ان تمام دوست واحباب اور سیاسی وسماجی شخصیات کا سکول کے لئے پانچ سالہ جدوجہد میں ساتھ دینے پر اُن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔اُنہوں نے سابق مشیر برائے اقلیتی امور وزیر زادہ، سابق سیکرٹری ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ارشاد خان،اسپیشل سیکرٹری ایلمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن عبدالاکرم، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن میل اینڈ فیمل ڈیپارٹمنٹ اپر چترال اورسی این ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ اپر چترال کا اس کار عظیم میں ساتھ دینے پر عوام لاسپور کی طرف سے خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ لاسپور سے تعلق رکھنے والے شاہد علی خان یفتالی ایڈوکیٹ نے 2019میں محکمہ ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا میں گورنمنٹ گرلز مڈل سکول ہرچین لاسپور کو ہائی کا درجہ دینے کے لئے درخواست دی تھی۔جس پر محکمہ کی طرف سے عملدرآمد شروع ہوگئی تھی۔اس سلسلے میں اسپیشل سیکرٹری ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ارشاد خان اور چیف پلاننگ افیسر عصمت اللہ کے ساتھ کامیاب میٹنگ بھی منعقد کی گئی۔اورآگست 2022میں سابق معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیرزادہ کی کوششوں سے مڈل سکو ل ہرچین کو ہائی سکول کا درجہ دیا گیا۔اور ستمبر 2022کو اپرچترال بونی میں سکول کے لئے زمین دینے کے حوالے سے کامیاب معاہدہ ہوا۔
ہفتہ7اکتوبر2023کو گورنمنٹ ہائی سکول ہرچین میں باقاعدہ کام شروع ہونے پرعلاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اورعوام نے انتہائی خوشی اور مسرت کا اظہار کیا اور بکرا بھی زبح کیاگیا۔






