خیبرپختونخواکلچراینڈٹوراز م اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور قاقلشت کمیٹی کے زیراہتمام اپر چترال میں جاری جشن قاقلشت فیسٹیول میں مختلف کھیلوں کے مقابلے

خیبرپختونخواکلچراینڈٹوراز م اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اپرچترال اور قاقلشت کمیٹی کے زیراہتمام اپرچترال میں جاری جشن قاقلشت فیسٹیول میں مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے جس میں مختلف ٹیموں نے اپنے میچز جیت لئے۔ اس موقع پر ڈی پی او محمد عتیق شاہ مہمان خصوصی تھے۔ قاقلشت میڈوز کے سرسبز میدانوں میں سجنے والے فیسٹیول میں جہاں خیمہ بستی قائم کی گئی ہے وہیں ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے بھی وادی کا رخ کرلیا۔ فیسٹیول میں پولو، کرکٹ، فٹبال، لوکل ہاکی، والی بال اور دیگر مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ فٹبال میں ڈگری کالج بونی اور کوشم کے مابین میچ ہوا جس میں ڈگری کالج بونی فاتح قرار پائی جبکہ دوسرے میچ میں مستجاپان دہ کی ٹیم نے لان ٹیم کو شکست دی۔پولیس اور تریچ میر کی ٹیموں میں پولیس کی فٹبال ٹیم کامیاب ہوئی۔ والی بال کے میچز میں شیراندو مورکہو کی ٹیم کا مقابلہ کوراغ کی ٹیم سے ہوا جس میں کوراغ فاتح قرار پائی۔ دوسرا میچ آر وی سی بونی اور سنوغر کی ٹیموں کے مابین ہوا جس میں سنوغر کامیاب ہوئی۔ تیسرا میچ چرون اور مورکہو کے مابین ہوا جس میں چرون والی بال ٹیم نے کامیابی سمیٹی۔کرکٹ کے پہلے راؤنڈ میں ینگ سٹار بونی، فرینڈز الیون، ہیڈ کوآرٹر بونی، جان برادرز، راجہ ٹائیگرز، پرواک اور ریشم کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ فیسٹیول میں پیراگلائیڈنگ اورجیپ ریلی کا انعقادبروز اتوار کو ہوگا۔ فیسٹیول میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف ٹینٹ بھی لگائے گئے ہیں جبکہ مقامی لوگوں نے روایتی کھانے پینے کی اشیاء کے سٹالز بھی سجائے ہیں۔ فیسٹیول میں سیاحوں کیلئے ثقافتی سٹالز سمیت روایتی موسیقی کا اہتمام بھی کیا ہے۔



