Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

موسمیاتی و ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں رونما ہونے والے قدرتی آفات سےچترال کی قدیم تہذیب و ثقافت کے حامل سیاحتی کالاش وادیاں سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہیں

چترال (نامہ نگار) موسمیاتی و ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں رونما ہونے والے قدرتی آفات سےچترال کی قدیم تہذیب و ثقافت کے حامل سیاحتی کالاش وادیاں سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ اے کے آر ایس پی کے برئیو پراجیکٹ کے تحت اے وی ڈی پی کے زیر نگرانی لوگوں کو قدرتی آفات کے ماحول کے ساتھ خود کو ہم آہنگ بناکر زندگی گزارنے کے مقصد کے تحت تربیت فراہم کرتے ہوئے ویلج کلائمیٹ ایڈاپٹیشن فورم( وی سی اے ایف ) کے ذریعے ترقی کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار برئیو پراجیکٹ کے ٹریننگ آفیسر سید عارف حسین جان نے بمبوریت کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ وی سی اے ایف کے مردو خواتین عہدہ داروں اور ممبران کے ایک غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے وی سی اے ایف قائم کئے گئے ہیں ۔ جن کے ممبران کی نشاندہی اور باہمی مشاورت کے نتیجے میں منظورکئے گئے قرادادوں کے مطابق منصوبے عمل میں لائے جائیں گے ۔ جو اے کے آر ایس پی کے معیار پر پورے اترتےہوں ۔ اسی طرح مال مویشیوں کی افزائش کیلئے خواتین اور زراعت میں بہتری لانے کے حوالے سے مردوں کو تر بیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معیاری بیج اور کھاد کے علاوہ چھوٹے پیمانے کے زرعی سامان بھی تقسیم کئے جائیں گے ۔ جبکہ باغبانی کو فروغ دینےکے سلسلے میں نمائشی باغات لگانے کے منصوبے بھی پروگرام میں شامل ہیں ۔ نیز آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے نہروں کی تعمیرو مرمت کو ممکن بنایا جائے گا ۔ انہوں نے زور دے کر کہا ۔ کہ کسی بھی پراجیکٹ کی کامیابی کے ذمہ دار وی سی اے ایف کے ممبران ہیں ۔ جو باہمی اتفاق سے ضرورت کی بنیاد پر منصوبوں کی نشاندھی کے ساتھ انہیں تکمیل تک پہنچانے میں اے کے آر ایس پی اور اے وی ڈی پی کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے ۔ اس موقع پر منیجر اے وی ڈی پی جاوید احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ گذشتہ جنوری سے شروع کیا گیا برئیو پراجیکٹ کے موبلائزیشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے ۔ جس کے نتیجے میں بمبوریت میں چار کلسٹر بنائے گئے ہیں ۔ اب عملی کام کا آغاز ہو چکا ہے ۔ تاہم تمام پراجیکٹس کی کامیابی کا دارومدار وی سی اے ایف کے ممبران کے اتفاق و اتحاد پر ہے ۔ وی سی اے ایف جتنی مضبوط ہوگی ۔ منصوبے اتنے بہتر طریقے سے انجام پائیں گے ۔ اور کالاش ویلیز کے لوگوں نے اب تک کسی بھی منصوبے کو ناکام نہیں ہونے دیا ۔ جو کہ ان کی سمجھداری اور علاقے کی تعمیرو ترقی میں دلچسپی کی عکاس ہے ۔ اس موقع پر وی سی اے ایف کے ممبران زاہد حسین اور کالاش خاتون ممبر میرکاہی نے خطاب کرتے ہوئے گذشتہ دو دھائیوں سے کالاش ویلیز کی تعمیر وترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر اے کے آر ایس پی اور اے وی ڈی پی کی خدمات کی تعریف کی ۔ اور اداروں پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ۔ انہوں نے آکاہ کی خدمات کو بھی سراہا ۔اجلاس سے چیرمین ویلج کونسل بمبوریت خلیل الرحمن اور ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر اے وی ڈی پی محکم الدین نے بھی خطاب کیا ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button