سماجی ہم آہنگی اور امن کےفروغ میں سول سوسائٹی کے کردار کے موضوع پر فالو اپ ورکشاپ کا انعقاد ،کرسچن ، کالاش اور مسلم کمیونٹی کے نمایندوں نے شرکت کی ۔

چترال ( نامہ نگار) معاشرے میں امن ، سماجی آہنگی ، بھائی چارہ ، مذہبی رواداری کو فروغ دینے اور تنازعات کے حل میں سول سوسائٹی کے کردار کی اہمیت کے موضوع پر ایک روزہ فالو اپ ورکشاپ چترال لوئر کے ایک مقامی ہوٹل میں جمعہ کے روزمنعقد ہوا ۔ یہ ورکشاپ غیر سرکاری ادارہ بلیو وینز کے تعاون سے انجام ہذیر ہوا ۔ اس موقع پر گذشتہ ورکشاپ میں تشکیل شدہ مختلف گروپوں نے اپنے موضوعات اور ٹاسک کے بارے میں گروپ ورک پیش کئے ۔ جو ٹاون ہال چترال ، کالاش ویلی بمبوریت ، چترال یونیورسٹی ، چترال پریس کلب وغیرہ مقامات میں انجام ہا چکے تھے ۔ جس میں خصوصی طور پر کالاش اور کرسچن کمیونٹی سے تعارف ، مسائل کے بارے میں آگہی ،امن کوبرقرار رکھنے میں میڈیا کا مثبت کردار اور ماحولیاتی مسائل شامل تھے ۔ گروہوں نے بتایا ۔ کہ ان مقامات میں کمیونٹیزکے عمائدین اورمذہبی پیشواوں سے انتہائی دلچسپ اور ثمربار گفت وشنید ہوئی ۔ مسائل کے بارے میں آگہی اور معلومات میں اضافہ ہوا ۔اور بہت سی ایسی باتوں کا علم ہوا ۔ جو ان کمیونٹیز کے خلاف افواہوں کے طور پر پھیلائے گئے تھے ۔ جن کا حقیقت سے کوئی بھی تعلق نہیں ہے ۔ گروپ کے شرکاء نے اس امر کا بھی اظہار کیا ۔ کہ ورکشاپ سے ان کی صلاحیت اور خود اعتمادی کو تقویت ملی ہے ۔ اور نالج میں غیر معمولی اضافہ ہواہے ۔ انہوں اس قسم کے کامیاب ورکشاپ منعقد کرکے چترال کے اندر مختلف کمیونٹیز کو ایک دوسرے کے بارے میں جاننے ، رواداری اور آپس میں ایک دوسرے کے دکھ درد اور مسائل کو سمجھنے کا موقع فراہم کرنےپر بلیو وینز اور ان کے نمایندہ فریدہ سلطانہ کا شکریہ ادا کیا ۔ اور آیندہ بھی اس قسم کے ورکشاپ اور پروگرامات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا ۔ ورکشاپ کے اختتام پر آرگنائزر فریدہ سلطانہ نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ سوشل ایکٹی وسٹ سول سوسائٹی کے روشن چہرے ہیں ۔ جو امن کے فروغ میں سول سوسائٹی کی اہمیت کو نمایاں کرتے ہیں ۔