گرم چشمہ میں منگل کی رات دوستوں میں تکرار کے دوران ایک دوست قتل جبکہ دوسرا زخمی ہوکر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چترال میں داخل

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال نیوز) لویر چترال کے گرم چشمہ میں منگل کی رات دوستوں میں تکرار کے دوران ایک دوست قتل جبکہ دوسرا زخمی ہوکر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چترال میں داخل ہوگئے۔ایس ڈی پی او لوٹ کوہ احمد عیسیٰ نے بتایا کہ رات تین بجے پولیس اسٹیشن گرم چشمہ کو اطلاع ملی کہ اقبال حیات ولد اسلام الدین ساکن ژیتور زخمی حالت میں مقامی ہسپتال پہنچ گئے ہیں جس پر پولیس پارٹی ہسپتال پہنچ گئی جہاں زخمی اقبال حیات نے بتایا کہ انہیں شفیق اللہ ولد گلزار ساکن ایژ نے ان پر قاتلانہ کیا ہے۔ ان کی نشان دہی پر ہائی سکول کے قریب اونچائی پر واقع جھڑپ کے مقام سے شفیق اللہ کی لاش پڑی مل گئی جو کہ اقبال حیات سے چاقو کے ضرب کھا کر دم توڑ گئے تھے۔ اقبال حیات نے پولیس کو بتایا کہ وہ گرم چشمہ بازار میں واقع اپنے کمرے میں سو رہے تھے کہ رات ڈیڑھ بجے شفیق اللہ نے انہیں جگا کر اپنے ساتھ مذکورہ مقام پر یہ کہتے ہوئے لے گئے کہ ان کے چرس آگئے ہیں جنہیں لے کے آنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ مقام پر پہنچنے کے بعد شفیق نے ان اچانک حملہ کرتے ہوئے پتھر ان کے سر پر دے مارا جس پر وہ آپس میں گتھم گتھا ہو گئے جس کے دوران اس نے اپنی جان بچانے کے لئے ان پر چاقو سے وار کیا اور ان کو گرانے کے بعد ہسپتال پہنچ گئے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ دونوں دوست تھے اور چرس کے کاروبار میں شرکت کرتے رہتے تھے۔ پولیس نے اقبال حیات کو حراست میں لے کر مزید علاج کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ ان کے خلاف تعزیرات پاکستان کے دفعہ 302 کے پرچہ چاک کردیا ہے۔۔