واسوم،شول کوچ اور گازین کے دیہات کے لئے AKAHP کی طرف سے پینے کے صاف پانی کی منصوبوں کی تکمیل کے بعد افتتاحی تقریب

واسوم، گازین (نمائندہ) آغاخان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان انسانی بنیادی ضروریات کی فراہمی کے سلسلے پینے کے صاف پانی کی دو میگا پراجیکٹس مکمل کرنے کے بعد مقامی کمیونٹی کے حوالے کردیا۔جس میں گازین واٹر سپلائی اسکیم اور واسوم اینڈ شول کوچ واٹر سپلائی اسکیم شامل ہیں۔گازین کے 160گھرانے، واسوم کے 120 گھرانے اور شول کوچ کے 139 گھرانے ان پراجیکٹس سے مستفید ہورہے ہیں۔ افتتاحی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے آر پی ایم ولی محمد خان نے کہاکہ آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان ہز ہائی نس کے وژن کے مطابق عام لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کی بھر پور کوشش کررہا ہے۔انشاء اللہ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ AKAHP ترقیاتی یافتہ دنیا میں موجود پینے کے صاف پانی کے معیار کے مطابق او رسائنسی بنیادوں پر ٹیسٹ شدہ پانی چترال کے ان دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کو مہیا کررہا ہے جو کہ ایک نعمت سے کم نہیں۔ آج ہم یہاں کی کمیونٹی، اپنے اسٹاف اور خاص طور پر لیڈرشپ کا شکریہ ادا کریں گے کہ اتنے بڑے پروجیکٹس کی کامیابی ان کے بغیر ممکن ہی نہیں۔ آپ لوگوں کی مدد حاصل رہے گی تو AKAHP علاقے کی ترقی میں مزید کردار ادا کرتا رہے گا۔
بورڈ ڈائریکٹر AKAHP محمد افضل نے کہا کہ آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان جس طرح چترال میں بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی میں کردار ادا کررہا ہے وہ قابل تحسین ہے۔پانی انسانی صحت کا سب سے بنیادی عنصر ہے اگر صاف پانی دستیاب نہ ہو تو انسان مختلف بیماریوں کا شکار ہوتا ہے۔ آج آپ لوگوں کو مبارکباد دیتے ہیں کہ اپنے گھر کے اندر چوبیس گھنٹے صاف پانی کی سہولت میسر ہوگئی ہے۔
پریذیڈنٹ ریجنل کونسل اپر چترال امتیاز عالم نے کہا کہ ہم آغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ پاکستان کے مشکو رہیں ہیں کہ ان کی وجہ سے چترال کے لوگوں کو صاف پانی کے ساتھ دوسرے بنیادی انسانی ضروریات کی سہولیات میسر آرہی ہیں۔ آج اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے میں آپ لوگوں سے گزارش کرتا ہوں کہ جتنا بڑا کردار چترال کی ترقی میں اے کے ڈی این نے ادا کیا ہے اس کا عشر عشیر بھی کسی دوسرے ادارے کے بس کی بات نہیں۔ ہمیں آغاخان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان کا ان کے ترقیاتی کاموں کے لئے مشکور ہونا چاہئے اور اپنی بساط کے مطابق ان کی مدد کرنی چاہئے۔
آج کی تقریبات میں سیکریٹری ریجنل کونسل اپر چترال،لوکل کونسل ز کے نمائندوں، AKAHP کے اسٹاف اور بڑی تعداد میں علاقے کے عوام نے شرکت کی اور آغاخان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان کے علاقے کی ترقی میں کردار کو سراہا۔