چترال پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں تمام عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوگئے جن میں صدر ظہیر الدین صدرعبدالغفارلاال جنرل سیکرٹری منتخب
چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) چترال پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں تمام عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوگئے جن میں صدر ظہیر الدین (روزنامہ ڈان)، سینئر نائب صدرسیف الرحمن عزیز (سماء ٹی وی)، نائب صدر میاں آصف علی شاہ (پی ٹی وی) شامل ہیں۔ منگل کے روز ہونے والے الیکشن کی نگرانی سینئر صحافی شاہ مراد بیگ نے کی جبکہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لویر چترال کے صدر ساجد اللہ مبصر کے طور پر انتخابی عمل کا مشاہدہ کیا۔ دوسرے عہدیداروں میں جنرل سیکرٹری عبدالغفار (روزنامہ جہاد)، نورا فضل خان (روزنامہ آج) اور سید نذیر حسین شاہ (اے آر وائی نیوز) شامل ہیں۔ الیکشن کے بعد اپنے خطاب میں صدر ظہیر الدین نے دوبارہ اعتماد کا اظہارکرنے پر پریس کلب کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ چترال میں صحافت کو نئی جہت دینے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑا جائے گا جبکہ چترال کے مین اسٹریم میڈیاکو پہلے کی طرح مثبت طور پر علاقے کی کوریج کی عزم کا ابھی اعادہ کیا۔ انہوں نے الیکشن کے عمل میں معاونت پر ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ چترال میں میڈیا اور بار کے درمیان ایک آئیڈئیل تعلق کار موجود ہے جوکہ علاقے کی بہترین مفاد میں ہے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ساجد اللہ ایڈوکیٹ نے اپنے مختصر خطاب میں اس بات پر مسرت کا اظہارکیاکہ چترال میں صحافی کمیونٹی میں مکمل ہم آہنگی اور اتحادو اتفاق موجود ہے۔ انہوں نے میڈیا کے ساتھ مل کر علاقے کی مسائل اور سماجی ایشوز کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔