چترال میں اساتذہ کیلئے 5 ہفتوں پر مشتمل تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

چترال(چ،پ) پاکستان میں امریکی سفارتخانے اور RELO Pakistanکے مالی معاونت اور وژن بلڈنگ فیوچرکی طرف سے چترال میں محکمہ تعلیم کے اساتذہ کیلئے پانچ ہفتوں پر مشتمل تربیتی پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کے اساتذہ کے لئے "ٹرانسفارمنگ ای ایف ایل سٹنگز، انٹگریٹنگ 21 سینچری اسکلز فار گلوبل سٹیزنز "کے عنوان سے منعقد ہونے والے اس تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب چترال کالج آف ایجوکیشن اینڈ ڈیسنٹ کالج سنگور میں ہوئی جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمود غزنوی مہمان خصوصی تھے ۔
اس تربیتی پروگرام کے آرگنائزز محکمہ تعلیم کے سبجیکٹ اسپیشلسٹ نصرت جبین تھی جو کہ خود بھی امریکہ میں TEA پروگرام کے تحت تربیت حاصل کر چکی ہیں اور اس وقت غیرملکی زبان کے طور پر انگریزی کو جدید تعلیم میں بہتر انداز میں استعمال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
پانچ ہفتوں پر مشتمل اس تربیتی پروگرام کی فنڈنگ امریکی سفارتخانے کے ریجنل انگلش لینگویج آفس نے کیا تھا اور ویژن بلڈنگ فیوچر نامی ادارے نے اس پر عملدرآمد کیا۔
اختتامی تقریب میں ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر شاہد حسین، فرخندہ جبین سینئر انسٹرکٹر، پرنسپل شاہد جلال، ثنااللہ ثانی اور ندیم احمد نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمود غزنوی نے اس تربیتی پروگرام کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے شعبہ تعلیم کیلئے اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے تربیت حاصل کرنے والے شرکا پر زور دیا کہ وہ ان امور کو عملدرآمد میں بھی لائیں۔
اس تربیتی پروگرام میں سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے 30 اساتذہ نے تربیت حاصل کی جو کہ آگے جا کر مزید 250 اساتذہ کو تربیت دیں گے اور اس تربیت یافتہ گان کے ذریعے سے4450 طلبہ کو اس سلسلے میں استفادہ حاصل ہوگا۔