چترال میں پہلی مرتبہ ایک مقامی شکار ی حماد محمد بیگ نے اپر چترال کی وادی تریچ کی اودرین گول میں ایک 9سالہ آئی بیکس کا کامیابی سے شکار کیا

چترال ( نیوز ) چترال میں ٹرافی شکار کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک مقامی شکار ی حماد محمد بیگ نے اپر چترال کی وادی تریچ کی اودرین گول میں ایک 9سالہ آئی بیکس کا کامیابی سے شکار کیا جس کی سینگ کی لمبائی 38انچ پائی گئی جس کے لئے انہوں نے 554امریکن ڈالر میں بولی کے ذریعے ہنٹنگ پرمٹ حاصل کیا تھا۔ گزشتہ سال خیبر پختونخوا وائلڈ لائف اینڈ بائیو ڈایورسٹی بورڈ نے چترال کے طول وعرض میں واقع مختلف پروٹیکٹڈ ایریاز میں 31 آئی بیکسوں کی ٹرافی شکار کے لئے مقامی شکاریوں کو بولی کے ذریعے پرمٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ مقامی آبادی کو اس سے فائدہ حاصل ہو نے پر وائلڈ لائف کی کنزرویشن میں ان کی دلچسپی کو بڑہایا جاسکے۔ انتہائی غیر موافق موسمی حالات کے باوجود شکاری حماد محمدبیگ نے چار دنوں تک تریچ میر کے د امن میں واقع شکار گاہ میں خون منجمد کرنے والی سردی کا مقابلہ کیا اور اپنے مشن میں کامیابی حاصل کی۔ چترال میں وائلڈ لائف کنزرویشن سے دلچسپی رکھنے والوں نے مقامی شکاریوں کے لئے ہمالیائی آئی بیکس کی شکار کو جنگلی حیات اور خصوصاً آئی بیکس کی آبادی کی تحفظ کے لئے نہایت مفید قرار دیتے ہوئے وادی تریچ میں سرانجام دی گئی ٹرافی شکار پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس قدرتی ورثے کی حفاظت کرکے آنے والی نسل تک منتقل کرنے کے سلسلے میں یہ ایک تاریخ ساز واقعہ ہے۔ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار کے مطابق موسم کے ساز گارہونے پر دیگر پرمٹ حاصل کرنے والے دیگر شکاری چترال کے مختلف شکار گاہوں میں آئی بیکس کی شکار کے لئے آئیں گے۔