لواری ٹنل پر ٹیکس کا نفاذ کسی بھی منطق اور انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے،امیرجماعت اسلامی لوئرچترال

چترال( نمائندہ ڈیلی چترال)امیرجماعت اسلامی لوئر چترال وجیہ الدین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چترال کے عوام پر ایک اور ظلم! نیشنل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے) کی جانب سے لواری ٹنل پر ٹیکس کا نفاذ کسی بھی منطق اور انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔جماعت اسلامی چترال لوئر اس غیر دانشمندانہ اقدام کو سختی سے مسترد کرتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ جب تک لواری پراجیکٹ مکمل نہیں ہوتا اور چترال کے اندرونی شاہرات کو معیاری انداز میں تعمیر نہیں کیا جاتا، کسی بھی قسم کا مالی بوجھ عوام پر ڈالنا کھلی ناانصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ چترال کے عوام کو آج بھی بنیادی سفری سہولیات میسر نہیں، سڑکیں خستہ حال ہیں، اور لواری ٹنل منصوبہ کئی دہائیوں بعد بھی مکمل نہیں ہوا، اس کے باوجود NHA کی جانب سے ٹیکس کا نفاذ عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کے مترادف ہے۔جماعت اسلامی چترال لوئر اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرے گی اور عوام کے حقوق کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔اگر یہ فیصلہ فوری طور پر واپس نہ لیا گیا تو چترال کے عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے اور ایک زبردست احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر ہوگی۔



