489

جی او سی ملاکنڈ نے لاسپور میں ایس آر ایس پی کی تعمیر کردہ بجلی گھر کا افتتاح کیا

چترال(نامہ نگار)جنرل آفیسر کمانڈنگ ملاکنڈ میجر جنرل آصف غفور نے لاسپور میں ایس آرایس پی کی طرف سے تعمیر کردہ بجلی گھر کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین،SRSPکے بی او ڈی ایڈوائزر احسان اللہ خان،ڈی پی ایم طارق احمد ،اسسٹنٹ کمشنر مستوج حمید اللہ خٹک اور انجنیئر خادم اللہ سمیت کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کیں۔ تفصیلات کے مطابق جی او سی میجر جنرل آصف غفور نے شاہی دس لاسپور میں ایس آر ایس پی کے پیس پراجیکٹ کے تحت تعمیر ہونے والے 150کلوواٹ پن بجلی گھر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی او سی نے پسماندہ علاقوں کی ترقی بالخصوص ملاکنڈ ڈویژن میں عوام کی حالت زندگی بدلنے میں بھرپور کردار ادا کرنے پر ایس آر ایس پی کے کردار کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ترقی کے عمل میں عوام کے شانہ بشانہ ہے اور اس سلسلے میں ہر قسم تعاون فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے ایس آر ایس پی کو بھی مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ جنرل آصف غفور نے علاقے میں پل کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ خواتین کیلئے دستکاری سنٹر قائم کی جائیگی۔منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈی پی ایم طارق احمد نے کہا کہ ایس آر ایس پی اس وقت چترال کے مختلف علاقوں میں دو درجن سے زائد پن بجلی گھروں کی تعمیر میں مصروف ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے پسماندہ علاقوں میں روشنی پھیل جائے گی۔ انہوں نے کہا یورپین یونین کے مالی تعاون سے جاری پیس پراجیکٹ کے تحت 29ملین کی لاگت سے شاہی دس میں تعمیر ہونے والے اس 150کلو واٹ کے بجلی گھر کم از کم 384گھرانوں کو بجلی مہیا ہوگی ۔اس بجلی گھر کی تعمیر کے سلسلے میں 0.8ملین کمیونٹی شیئر مہیا کی ہے جس میں منصوبے کے لئے مفت زمین دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے لئے 2800فٹ واٹر چینل تعمیر کی گئی ہے اور اسے جدید طور پر تعمیر کیا گیاہے۔
ایس آر ایس پی کے بورڈ ایڈوائزر احسان اللہ خان نے کہا کہ یہ ادارہ خیبر پختونخوا اور فاٹا میں غربت کے خاتمے اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے مصروف عمل ہے۔ مقامی کمیونٹی کی طرف سے لیڈی کونسلر ناہیدہ اور اسماری خان نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس تقریب میں شرکت پر ج او سی ملاکنڈ اور آرمی وسول افسران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس دور افتادہ اور پسماندہ علاقے میں بجلی گھر کی تعمیر پر ایس آرایس پی کے سربراہ شہزادہ مسعود الملک کا شکریہ ادکیا۔ اس موقع پر مقامی کمیونٹی کی جانب سے کلچرل شو کا اہتمام کیا گیا جس سے مہمانان بے حد محظوظ ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں