NCHDاور KVDAلوئر چترال نے کالاش خطے میں تعلیم، خواندگی، اسکلز ڈیویلپمنٹ ، صحت اور رضاکاریت کے شعبوں میں تعاون کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط

نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (NCHD) اور کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KVDA) لوئر چترال نے کالاش خطے میں تعلیم، خواندگی، اسکلز ڈیویلپمنٹ ، صحت اور رضاکاریت کے شعبوں میں تعاون کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے۔
تقریب ڈائریکٹر جنرل KVDA کے دفتر، ٹی ایم اے کمپلیکس جغور لوئر چترال میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
معاہدے پر باضابطہ طور پر ڈائریکٹر جنرل KVDA منہاس الدین اور ڈپٹی ڈائریکٹر NCHD لوئر چترال سید مقصود شاہ نے دستخط کیے۔ دونوں اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کالاش وادیوں کی محروم کمیونٹیز کی ترقی کے لیے مشترکہ، جامع اور کمیونٹی پر مبنی ترقیاتی ماڈلز کے تحت کام کریں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر NCHD سید مقصود شاہ نے کمیشن کی طرف سے انسانی ترقی اور بنیادی تعلیم پر کی گئی خدمات پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک پہنچنے کے لیے ادارہ جاتی شراکتیں نہایت اہم ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل KVDA جناب منہاس الدین نے NCHD کی نچلی سطح پر خدمات کو سراہا اور اس شراکت داری کے طویل مدتی مثبت اثرات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شراکت داری کے تحت متعدد مشترکہ پروگرام شروع کیے جائیں گے جن میں خواتین اور نوجوانوں کے لیے فنی و پیشہ ورانہ تربیت، موبائل صحت آگاہی مہمات، اور نوجوانوں کے لیے “ایچ ون، ٹیچ ون” (Each One, Teach One) کے تحت رضاکارانہ پروگرام شامل ہیں، تاکہ نوجوانوں کی بااختیاری کے مقاصد کو عملی شکل دی جا سکے۔
تقریب ایک مشترکہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں اداروں نے کالاش کے ثقافتی طور پر منفرد لیکن ترقیاتی لحاظ سے پسماندہ خطے میں پائیدار اور جامع ترقی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا گیا۔




