صوبے میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت میران بلاک کے 49 فیصد شیئرز کی شراکت داروں کو منتقلی کی تقریب خیبرپختونخوا ہاو¿س اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں باضابطہ طور پر میران بلاک کے شیئرز منتقل کیے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ صوبے میں تیل و گیس کی تلاش و دریافت کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھے گا جس سے مقامی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور کاروبار و صنعت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قدرتی وسائل پر پہلا حق مقامی آبادی کا ہے اور تمام فیصلے مقامی لوگوں کے مفاد کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا توانائی کے شعبے میں خود کفالت اور آمدنی کے نئے ذرائع کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صوبے میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت توانائی کے منصوبوں پر غیر معمولی رفتار سے کام کر رہی ہے اورسرمایہ کاری اور صنعتی شعبے کی ترقی کے لیے نجی شعبے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ میران بلاک کے 49 فیصد شیئرز آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی سربراہی میں کنسورشیم کو منتقل کر دیے گئے ہیں جبکہ 51 فیصد شیئرز بدستور خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ (کے پی او جی سی ایل) کے پاس رہیں گے۔ مزید بتایا گیا کہ میران بلاک کنسورشیم کی قیادت او جی ڈی سی ایل کرے گا جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) شراکت دار ہوں گے۔ اس کے علاوہ کنسورشیم کے پی او جی سی ایل کے 51 فیصد حصص کی سرمایہ کاری بھی فراہم کرے گا۔مزید بتایا گیا کہ معاہدے کے تحت خیبر پختونخوا میں تقریباً 22 ارب روپے کی سرمایہ کاری آئی ہے جبکہ میران بلاک معاہدے سے صوبائی حکومت اور کے پی او جی سی ایل کو 12 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ معاون خصوصی شفیع اللہ جان ، اراکین قومی اسمبلی شہریار آفریدی اور شاہد خٹک ،رکن صوبائی اسمبلی داودآفریدی کے علاوہ کے پی او جی سی ایل کے حکام اور پارٹنر اداروں کے نمائندے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔



