محکمۂ پولیس چترال کے باوقار اور شائستہ مزاج آفیسر ڈی ایس پی شیر راجہ 39 سالہ مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد باقاعدہ طور پر سبکدوش ہوگئے۔

ایس ڈی پی او شیر راجہ خان اپنی طویل اور شاندار ملازمت مکمل کرکے ریٹائر ہورہے ہیں۔ الوداعی تقریبات کے سلسلے میں آج ان کے اسٹاف کی جانب سے سرکل آفس بونی میں ایک مختصر مگر پروقار تقریب ایس ڈی پی او آفس کے لان میں منعقد ہوئی، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر پی ایس پی حمید اللہ خان، ایس پی انویسٹی گیشن اجمل خان، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر بونی امیر شاہ، ڈی ایس پی موڑکھو تورکھو مولائی شاہ، ایس ایچ او صاحبان، تجار یونین بونی کے نمائندگان اور معززین نے شرکت کی۔اس موقع پر مختصر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر پی ایس پی حمید اللہ خان اور ایس پی انویسٹی گیشن اجمل خان نے شیر راجہ خان کی طویل خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی شیر راجہ پولیس کے ایک قابل، دیانتدار اور اپنے پیشے سے مخلص افسر تھے، جنہوں نے اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائے اور آج باعزت طور پر سبکدوش ہورہے ہیں، جو ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔تجار یونین کی جانب سے جنرل سیکریٹری نے بھی شیر راجہ خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ "اگرچہ ڈی ایس پی شیر راجہ خان پیشہ کے لحاظ سے باصلاحیت پولیس آفیسر تھے، مگر عوام کے لیے وہ ایک مشفق بھائی اور دوست کی حیثیت رکھتے تھے۔ عوام انہیں پولیس آفیسر کم اور ایک سوشل ورکر زیادہ تصور کرتے تھے۔ انہوں نے کبھی پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا نہیں ہونے دیے بلکہ ہمیشہ ان فاصلے کو کم کرنے میں مؤثر کردار ادا کیا۔ خصوصاً بازار کے تاجروں کے ساتھ ان کا ہمیشہ رابطہ رہتا تھا۔ وہ ہر مسئلہ خندہ پیشانی سے سنتے اور حل کرتے تھے۔ ان کا باوقار انداز میں سبکدوش ہونا ان کے لیے، محکمۂ پولیس کے لیے اور ان کے چاہنے والوں کے لیے باعثِ فخر ہے۔بعد ازاں اسٹاف کی جانب سے تحائف پیش کیے گئے اور ہار پہنائے گئے۔ تجار یونین کی طرف سے سرپرستِ اعلیٰ عزیز الدین لال نے انہیں چترالی ٹوپی اور ہار پہنایا۔ قاضی غلام ربانی کی دعائیہ کلمات کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔



