ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام، ڈائریکٹوریٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ اور یونیسیف کے تعاون سے جی سی ایس اسکولوں کے اساتذہ کے لیے منعقدہ تین روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

چترال (نمائندہ )ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام، ڈائریکٹوریٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ اور یونیسیف کے تعاون سے جی سی ایس اسکولوں کے اساتذہ کے لیے منعقدہ تین روزہ تربیتی ورکشاپ ہفتے کے روز سینٹینل ماڈل ہائی اسکول چترال میں اختتام پذیر ہو گئی۔ورکشاپ کے دوران اساتذہ کو جدید تدریسی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کلاس روم مینجمنٹ، طلبہ کی حوصلہ افزائی، جسمانی سزا اور نامناسب الفاظ کے استعمال سے اجتناب، اور تمام طلبہ کو یکساں توجہ دینے جیسے اہم موضوعات پر عملی تربیت دی گئی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل لوئر چترال مفتاح الدین تھے۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن لوئر چترال نعیم اللہ، پرنسپل سینٹینل ماڈل ہائی اسکول عبدالباری، احسان اللہ، انعام اللہ، ماسٹر ٹرینر پرنسپل فرخندہ جبین،سکول لیڈرصفیہ بی بی رابعہ اور دیگر نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر نعیم اللہ نے بتایا کہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن 2002 سے چترال میں تعلیمی خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت لوئر چترال میں فاؤنڈیشن کے 117 اسکولوں میں پانچ ہزار سے زائد طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں جبکہ 161 سے زائد اساتذہ تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اساتذہ کی تربیت کے لیے لوئر چترال کے تین مختلف مقامات دروش، گرم چشمہ اور چترال ٹاؤن میں تربیتی سیشنز منعقد کیے گئے۔
ماسٹر ٹرینر پرنسپل فرخندہ جبین نے اپنے خطاب میں تربیتی سیشن کے دوران اساتذہ کی دلچسپی اور بھرپور شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس تربیت کے مثبت اثرات براہِ راست کلاس رومز تک منتقل ہوں گے اور طلبہ اس سے مستفید ہوں گے۔
تربیت حاصل کرنے والے اساتذہ کی نمائندگی کرتے ہوئے مس عضرہ اور دیگر مقررین نے ورکشاپ کو نہایت مفید قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تربیت کے دوران کلاس روم مینجمنٹ، مثبت تعلیمی ماحول کی تشکیل، طلبہ کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری اور جدید تدریسی طریقوں کے بارے میں قیمتی رہنمائی حاصل ہوئی۔ اساتذہ نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی نوعیت کے تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لوئر چترال مفتاح الدین نے تربیتی ورکشاپ کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی تربیت سے اساتذہ جدید تقاضوں کے مطابق بچوں کی بہتر تربیت اور رہنمائی کر سکیں گے۔ انہوں نے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ صوبے میں شرح خواندگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چترال تعلیم کے لحاظ سے ایک زرخیز خطہ ہے جہاں علم دوست اور باشعور لوگ بستے ہیں، جس کے باعث علاقے میں امن اور بھائی چارے کی فضا قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاؤنڈیشن غیر رسمی تعلیم کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے اور کمیونٹی اسکولوں و نجی اداروں کے تعاون سے تعلیم سے محروم بچوں کے لیے قابلِ تحسین اقدامات کر رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے صوبائی حکومت ایٹا کے ذریعے شفاف طریقے سے میرٹ پر بھرتیوں کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں کسی قسم کی سفارش یا اقربا پروری کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی بعض بے بنیاد خبروں کو مسترد کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں۔
تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والے اساتذہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔











