تازہ ترین

صارفینِ بجلی ہیڈکوارٹر بونی کا اجلاس، غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ اور ناجائز بلنگ پر شدید برہمی، ڈپٹی کمشنر اپر چترال سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔

سیاسی و سماجی شخصیت پرویز لال کی کال پر آج بروز جمعہ مؤرخہ 6 مارچ 2026 بوقت 2 بجے دوپہر صارفینِ بجلی اپر چترال کا ایک ہنگامی اجلاس بونی میں صدر تحریکِ حقوقِ چترال مختار احمد سنگین کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، ڈسٹرکٹ بار اور تاجروں کے نمائندوں سمیت بونی کے صارفینِ بجلی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اجلاس کا
ایجنڈا ماہِ رمضان المبارک میں بجلی کی بے تحاشا اور طویل لوڈشیڈنگ اور بجلی کے بلوں میں غیر اعلانیہ بے جا اضافے پر تحفظات کا اظہار کرنا تھا۔ پرویز لال نے ایجنڈے پر تفصیلی گفتگو کی۔اجلاس میں اس بات پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا گیا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے باعث صارفینِ بجلی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ دن بھر اور رات کے اوقات میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث جہاں روزہ دار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، وہاں کاروباری حضرات بھی روزی روٹی کمانے سے قاصر ہیں۔ خصوصاً درزی حضرات رمضان المبارک میں بجلی کی عدم دستیابی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔اجلاس میں اس بات پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا گیا کہ بجلی کے بلوں میں بغیر کسی ظاہری نوٹیفکیشن کے ناقابلِ برداشت اضافہ کیا گیا ہے، جو مہنگائی کے اس بدترین دور میں غریب کشی کے مترادف ہے۔اجلاس میں متفقہ قرارداد کے ذریعے ڈپٹی کمشنر اپر چترال سے پُرزور مطالبہ کیا گیا کہ رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کو کم سے کم رکھنے کے لیے محکمہ پیڈو اور متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایات جاری کی جائیں تاکہ صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر اپر چترال سے خصوصی گزارش کی گئی کہ ان دونوں مسائل، یعنی لوڈشیڈنگ اور بلوں میں اضافے، کی وضاحت کے لیے عوامی نمائندگان اور پیڈو حکام کے درمیان فوری میٹنگ کا انعقاد کرایا جائے تاکہ ریزیڈنٹ انجینئر پیڈو محکمے کا مؤقف واضح کر سکیں۔ بصورتِ دیگر عوام آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے اوراحتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button