ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملہ کے خلاف جماعت اسلامی چترال کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ منعقد

ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملہ کے خلاف جماعت اسلامی چترال کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا۔ جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی چترال وجیہ الدین کر رہے تھے۔ مظاہرے سے جماعت اسلامی چترال کے قائدین نے خطاب کیا۔
آخر میں درج ذیل قرار داد اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی۔
یہ کہ ایران پر یہ حملہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے کی طرف سے پیش رفت کا ایک حصہ ہے۔ افسوس کہ عرب ممالک امریکا اور اسرائیل کو اڈے، فضائی اور زمینی راستے فراہم کرکے اس دجالی منصوبے کی راہ ہموار کرنے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایران نے عالمی طاغوت کے آگے نہ جھک کر جرات و بہادری کی مثال قائم کر دی ہے۔ ظاہر ہے مادی طاقت کے اعتبار سے امریکا سے کوئی تقابل نہیں مگر مسلمان کا کام اپنے رب کے بھروسے پر مادی طاقت کے سامنے ڈٹنا ہے جھکنا نہیں، اور ایران نے اسی جرات اور ایمانی غیرت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس موقع پر چاہیے کہ تمام مسلم دنیا اس کا ساتھ دیتی مگر افسوس کہ ساتھ دینا دور کی بات، مسلمان ممالک کو امریکی تعدی کی مذمت کرنے کی توفیق تک نہیں ہو رہی ہے۔
ہم سمجھتے ہیں کہ ایک ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے ہے، چاہیے کہ اس مشکل وقت میں پاکستان اپنے برادر پڑوسی ملک ایران کا ساتھ دیکر اپنا اسلامی اور اخلاقی فریضہ پورا کرے۔ یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ ایران میں امریکا کو مطلوب رجیم چینج بھی پاکستان کے حق میں بہتر ثابت نہیں ہوگا۔ لہذا اس کا راستہ روکنا پاکستان کے اپنے حق میں بھی بہتر ہے۔




