کویت میں خدمات انجام دینے والے چترال اور پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے 80 سے زائد میڈیکل فیلڈ کے افراد فلائٹس کی عدم دستیابی کے باعث شدید مشکلات کا شکار

چترال (نمائندہ ) کویت میں خدمات انجام دینے والے چترال اور پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے 80 سے زائد میڈیکل فیلڈ کے افراد فلائٹس کی عدم دستیابی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں، جبکہ بروقت ڈیوٹی پر واپس نہ پہنچنے کی صورت میں انہیں ملازمتوں سے محرومی کا خدشہ لاحق ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد کو سالانہ چھٹی ملی تھی جو اب ختم ہو چکی ہے، تاہم فلائٹس نہ ملنے کے باعث وہ کویت واپس نہیں جا پا رہے۔ اس دوران انہیں کویت سے مسلسل ہدایات موصول ہو رہی ہیں کہ فوری طور پر اپنی ڈیوٹی جوائن کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔
متاثرہ افراد میں ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر میڈیکل اسٹاف شامل ہیں، جو کویت کے مختلف ہسپتالوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان افراد نے حکومتِ پاکستان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے لیے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی فلائٹس کا انتظام کیا جائے تاکہ وہ بروقت اپنی ملازمتوں پر واپس جا سکیں۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو نہ صرف ان کی ملازمتیں خطرے میں پڑ جائیں گی بلکہ کویت کے ہسپتالوں میں بھی طبی خدمات متاثر ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے وزیرِاعظم اور ایئرلائنز حکام سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جلد از جلد حل نکالا جائے۔



