تازہ ترین

اہلِ پاکستان کی جانب سے عید الفطر پر غزہ کے بہن بھائیوں اور بچوں کیلئے محبتوں اوردعاؤں کا پیغام لایا ہوں۔ صدرالخدمت فاؤنڈیشن کی گفتگو

راولپنڈی/الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ز یراہتمام قاہرہ شہر کے علاقے العبور میں غزہ کے یتیم بچوں اور ان کے رشتہ داروں کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے عید میلہ سجایا گیا۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن، الخدمت کے زیرِ کفالت یتیم بچوں اورمتاثرہ خاندانوں کے میزبان کے طور پر عیدمیلے کی تقریبات میں شریک ہوئے اور والدین کی شفقت سے محروم یتیم بچوں اور مہاجرین کے ساتھ گھل مل گئے، بچوں کے ساتھ کھیلوں میں شریک ہوئے، انہیں چاکلیٹ، تحائف اور عیدی دی۔ عید میلہ کی تقریبات میں شریک بچوں کی خوشی انتہائی دیدنی تھی۔ عید میلہ میں شرکاء کے لیے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ میں اہلِ پاکستان کی جانب سے آپ کے لیے محبتوں کا پیغام لایا ہوں۔ پاکستانی عوام آپ کے لیے دعائیں کرتے ہیں اور آپ کے لیے اپنا مال بھی وقف کیے ہوئے ہیں۔ غزہ کے اندر ریسکیو، ریلیف کے بعد بحالی پراجیکٹس کا بھی آغاز ہو چکا ہے، جبکہ غزہ سے ہجرت کر کے مصر پہنچنے والے مہمانوں کی میزبانی کے لیے بھی الخدمت کے ذمہ داران مسلسل سرگرمِ عمل ہیں۔ قاہرہ سمیت دیگر علاقوں میں غزہ کے مہمان بہن بھائیوں اور یتیم بچوں کی کفالت کا سلسلہ جاری ہے۔

قبل ازیں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے عید کے پہلے دن مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ کر غزہ کے مظلوم مہاجرین اور باہمت یتیم بچوں کے ساتھ عید منائی۔ نمازِ عید کی ادائیگی کے فوری بعد الخدمت کے زیرِ اہتمام غزہ متاثرین کے لیے مختص رہائشی ٹاور پہنچے اور وہاں مقیم غزہ کے فلسطینی خاندانوں کو مصائب کے باوجود ثابت قدمی دکھانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ غزہ مہاجرین اور یتیم بچوں سے ملاقات میں عید کی مبارکباد دی، بچوں کے سر پر دستِ شفقت رکھا، انہیں عیدی اور تحائف دیے۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے قاہرہ میں کیمپ آفس کے اسٹاف اور رضاکاروں سے عشائیہ پر منعقدہ میٹنگ میں ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے ریلیف آپریشن اور آئندہ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور آئندہ کے اہداف پر ٹیم کی رہنمائی کی۔صدر الخدمت نے کیمپ آفس ٹیم کو عید کی مبارکباد دی اور ان کی غزہ متاثرین کے لیے جاری سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان، مصر، غزہ فلسطین، لبنان، اردن اور ترکیہ میں غزہ متاثرین کے لیے ریلیف کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان تمام ممالک میں موجود ذمہ داران اور رضاکاروں کے لیے فلسطینی عوام کی خدمت بہت بڑی سعادت ہے۔ ہم غزہ میں بحالی تک اپنی استعداد کے مطابق ریلیف اور بحالی آپریشن جاری رکھیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button