تازہ ترین

چترال یونیورسٹی میں وزیرِاعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب منعقد

چترال (نامہ نگار) جامعہ چترال میں وزیرِاعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم (فیز IV) کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی ایک پروقار تقریب 8 اپریل 2026 کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی ہدایات کے مطابق منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر جامعہ چترال پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ تھے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ شعبہ انگریزی کے لیکچرار مسٹر ظہور الحق نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے مختلف شعبہ جات کے سربراہان کے ہمراہ 175 مستحق طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرووسٹ جامعہ چترال ڈاکٹر تاج الدین نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور وزیرِاعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے اغراض و مقاصد اور انتخابی طریقہ کار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ طلبہ کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے شفاف آن لائن نظام کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق جامعہ چترال سے مجموعی طور پر 590 طلبہ نے درخواستیں جمع کرائیں جن میں سے 175 طلبہ کو وفاقی حکومت کی جانب سے لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے۔

تقریب کے دوران گزشتہ فیز کے مستفید طلبہ نے اپنے تجربات بھی شیئر کیے اور بتایا کہ لیپ ٹاپ کی فراہمی سے ان کی تعلیمی کارکردگی اور ڈیجیٹل لرننگ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اس موقع پر کامیاب طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک مختصر ویڈیو بھی دکھائی گئی اپنے صدارتی خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے وفاقی حکومت اور ایچ ای سی کا شکریہ ادا کیا کہ جامعہ چترال کو اس اسکیم کے فیز III اور فیز IV میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چترال جیسے دور افتادہ علاقے میں قائم اس واحد اعلیٰ تعلیمی ادارے کو خصوصی حکومتی تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ علاقے کی پسماندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعہ چترال کے ہر طالب علم کو لیپ ٹاپفراہم کیا جائے انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ لیپ ٹاپ کو تعلیمی اور ذاتی ترقی کے لیے استعمال کریں اور اس کے غلط استعمال یا فروخت سے گریز کریں۔ وائس چانسلر نے خاص طور پر طالبات کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے بتایا کہ 175 مستفید طلبہ میں سے 96 طالبات شامل ہیں، جو اعلیٰ تعلیم میں صنفی شمولیت کا مثبت رجحان ظاہر کرتا ہے۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے ڈاکٹر تاج الدین اور پرویز علی شاہ کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں شیلڈز پیش کیں۔ تقریب میں طلبہ، اساتذہ، انتظامی عملہ اور مقامی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں تعلیمی ترقی اور ڈیجیٹل بااختیاری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button