تازہ ترین

ملک کے دیگر شہروں کی طرح لوئر چترال میں بھی’’معرکہ حق (بنیان مرصوص)‘‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک عظیم الشان ریلی نکالی

چترال (نامہ نگار)ملک کے دیگر شہروں کی طرح لوئر چترال میں بھی’’معرکہ حق (بنیان مرصوص)‘‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ ریلی پرانے پی آئی اے چوک سے شروع ہوکر پولو گراؤنڈ چترال پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں، سماجی کارکنوں،اور سکول کے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ پاک فوج اور وطن سے محبت کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔
ریلی سے سابق ڈی ایچ او ڈاکٹر اسرار اللہ، معروف سماجی شخصیت دین محمد ،جنرل سیکرٹری تجار یونین اسرار الدین ،وائس پرنسپل سینٹینل ہائی سکول چترال شاہد جلال اور دوسروں نے کہا کہ پاکستان ہر محب وطن پاکستانی کی سرزمین ہے اور اس کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اب ہر سال 10 مئی کو ’’یومِ معرکہ حق‘‘ کے طور پر منائے گی تاکہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں، بہادری اور دفاعِ وطن کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔ مقررین نے کہا کہ 10 مئی 2025 کو افواجِ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جس جرات، حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ جواب دیا، وہ نہ صرف ملکی تاریخ بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک قابلِ فخر باب بن چکا ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا اور عسکری تاریخ میں ایک روشن مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کی ریلیوں کا مقصد پاک فوج کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا، قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور دہشت گردی کے خلاف ’’معرکہ حق‘‘ کی کامیابی پر خوشی و مسرت کا اظہار کرنا ہے۔ مقررین نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور پاکستان کی سلامتی کے لیے پوری قوم متحد رہے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button