تازہ ترین

لوئر چترال: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد نیا سرکاری کرایہ نامہ جاری، ٹرانسپورٹرز کو سخت احکامات

چترال/حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات اور بالخصوص ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے پیشِ نظر، ضلعی انتظامیہ لوئر چترال نے عوامی ریلیف کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے مختلف روٹس کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا نیا اور کم کردہ کرایہ نامہ جاری کر دیا ہے۔

​ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-II اور ٹریفک مجسٹریٹ لوئر چترال کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ فیصلہ ریویو کمیٹی کی سفارشات اور ٹرانسپورٹرز سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ نئے کرایہ نامے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا

​نوٹیفکیشن کی رو سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے لیے چند اہم قوانین بھی وضع کیے گئے ہیں:

  • ​ہر سواری کو اپنے ساتھ 20 کلو گرام تک سامان بغیر کسی اضافی کرائے کے لے جانے کی اجازت ہوگی۔
  • ​اسکول، کالج، یونیورسٹی اور دینی مدارس کے طلبہ، نابینا، معذور اور 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے کرایوں میں 50 فیصد رعایت برقرار رہے گی۔
  • ​تمام گاڑیوں کے اندر اور اڈوں پر اس سرکاری کرایہ نامے کی لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

نیا کرایہ نامہ جاری ہونے پر عوامی حلقوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ چترال کے شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکار کی طرف سے نوٹیفکیشن تو جاری کر دی جاتی ہے مگر اس پر مستقل عملدرآمد کبھی بھی نہیں ہوتا۔ ٹرانسپورٹ مافیا سرکاری احکامات پر بھاری ثابت ہوتی ہے اور ہر وقت اپنی من مانیاں کرنا ان کا شیوہ بن گیا ہے۔

​مسافروں نے شکوہ کیا کہ انتظامیہ کبھی کبھار روڈ ناکہ لگا کر گاڑیوں کو چیک کرتی ہے اور ڈرائیوروں سے اضافی کرایہ واپس لے کر مسافروں کو دیتی ہے، لیکن یہ کوئی مستقل حل نہیں ہے۔ عوام کا پرزور مطالبہ ہے کہ اس بار نوٹیفکیشن کو محض کاغذی کارروائی نہ بنایا جائے بلکہ اس فیصلے پر سو فیصد اور حتمی عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ یہی وقت کی اصل ضرورت ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے تمام ٹرانسپورٹرز کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ نئے سرکاری کرایہ نامے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں، اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی یا مسافروں سے اضافی کرایہ وصول کرنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

​انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ناانصافی یا اضافی کرائے کی وصولی کی صورت میں خاموش نہ رہیں بلکہ درج ذیل نمبروں پر فوری طور پر اپنی شکایات درج کروائیں:

  • ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم: 0943412519
  • اسسٹنٹ کمشنر آفس چترال: 0943413686
  • اسسٹنٹ کمشنر آفس دروش: 0943480203

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button