تازہ ترین

چترالی ہونے کے ناطے خیبرپختونخوا میں اپنی کمپنی کے آپریشنز کا باقاعدہ آغاز چترال سے کرنا میرے لیے باعثِ فخر ہے/سی ای او نویدسلطان

چترال(ڈیلی چترال نیوز)پاکستان کی معروف فارماسیوٹیکل کمپنی نیوٹن ہیلتھ کیئر نے خیبر پختونخوا میں اپنے آپریشنز کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کرتے ہوئے چترال سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر کمپنی کی جانب سے 100 سے زائد نئی فارماسیوٹیکل مصنوعات کی لانچنگ کا اعلان بھی کیا گیا، جسے ادارے کی صحت عامہ کے فروغ، سائنسی جدت اور مریضوں کی فلاح و بہبود کے عزم میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔اس سلسلے میں چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چترال کے ماہر مرد و خواتین ڈاکٹرز، ادویات کے ڈسٹری بیوٹرز، طبی شعبے سے وابستہ شخصیات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ شرکاء نے صحت کے شعبے میں معیاری اور کم قیمت ادویات کی فراہمی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے عوامی فلاح و بہبود کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔
فارماسیوٹیکل کمپنی نیوٹن ہیلتھ کیئر کے سی ای او نویدسلطان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیوٹن ہیلتھ کیئر (پرائیویٹ) لمیٹڈ (Newton Healthcare) پاکستان کی ایک معروف فارماسیوٹیکل اور نیوٹراسیوٹیکل مینوفیکچرنگ کمپنی ہے۔ ان کا مرکزی کارپوریٹ دفتر کراچی میں واقع ہے۔ نیوٹن ہیلتھ کیئر نے مارکیٹ میں معیاری، مؤثر اور زندگی بچانے والی ادویات مناسب اور مسابقتی قیمتوں پر متعارف کرائی ہیں تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ کمپنی نے ابتدائی طور پر پاکستان بھر میں 200 سے زائد ملازمین پر مشتمل ایک بزنس یونٹ ٹیم تشکیل دی ہے، جبکہ 2026 تک مزید پانچ بزنس یونٹس قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ نیوٹن ہیلتھ کیئر اس وقت پاکستان، کمبوڈیا، میانمار (برما) اور افغانستان میں کامیابی کے ساتھ خدمات انجام دے رہی ہے، جبکہ مستقبل قریب میں روس، آذربائیجان، ازبکستان، فلپائن، ویتنام اور مختلف افریقی ممالک میں بھی اپنے آپریشنز کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک چترالی ہونے کے ناطے خیبرپختونخوا میں اپنی کمپنی کے آپریشنز کا باقاعدہ آغاز چترال سے کرنا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ مارکیٹنگ کے نقطۂ نظر سے پشاور، مردان، نوشہرہ، سوات اور دیگر بڑے شہروں سے کام کا آغاز زیادہ موزوں سمجھا جاتا ہے، اس لئے ہم نے اپنے آبائی علاقے چترال کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کی تمام ادویات بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کی جاتی ہیں اور عوام کو نہایت مناسب قیمتوں پر دستیاب ہیں، تاکہ معیاری علاج ہر فرد کی پہنچ میں آ سکے۔
کمپنی کا شمار پاکستان کی اعلیٰ معیار کی فارماسیوٹیکل مینوفیکچرنگ کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ نیوٹن ہیلتھ کیئر 2008 میں رجسٹرڈ ہوئی تھی، جبکہ تمام معیاری تقاضے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) کی شرائط اور ضروری سرٹیفکیشنز مکمل کرنے کے بعد جنوری تا فروری 2018 میں باقاعدہ طور پر ادویات کی تیاری اور مارکیٹنگ کا آغاز کیا گیا۔
چترال کے ایریامنیجر بدرالدین نے اپنے پریزنٹیشن میں کہاکہ گزشتہ 40 برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک نئی فارماسیوٹیکل کمپنی نے اپنی جدید مینوفیکچرنگ سہولت کے ساتھ اس پیمانے پر آپریشنز کا آغاز کیا ہے۔ نیوٹن ہیلتھ کیئر پاکستان کے ایک بڑے کاروباری گروپ کا حصہ ہے، جو ڈیری فارمنگ، زرعی شعبے، پولیمر انڈسٹری، سرجیکل آلات، برآمدات اور درآمدات سمیت مختلف شعبوں میں سرگرم عمل ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرنورالسلام ،ڈارک انسپکٹر چترال ڈاکٹرنعمت اللہ، نورالہدیٰ یفتالی اوردوسروں نے کہاکہ عوام کو معیاری اور قابلِ اعتماد طبی سہولیات فراہم کرنا نیوٹن ہیلتھ کیئر کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا بالخصوص چترال میں کمپنی کی موجودگی صحت کے شعبے میں مثبت تبدیلیوں کا باعث بنے گی اور مقامی آبادی کو معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button