چترال کے ہونہار طلبہ کا اعزاز: فرنٹیئر کور وائس آف کے پی مقابلوں میں الخدمت اسکول قتیبہ کیمپس نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کر لی

چترال /یوتھ ٹیلنٹ انیشی ایٹو 2026 کے تحت منعقدہ “فرنٹیئر کور وائس آف کے پی” کے صوبائی سطح کے فائنل مقابلوں میں الخدمت فاؤنڈیشن اسکول قتیبہ کیمپس کے ہونہار طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کر کے چترال اور اپنے ادارے کا نام روشن کر دیا۔تفصیلات کے مطابق، ہیڈ کوارٹر ایف سی بالاحصار پشاور میں منعقدہ صوبائی سطح کے فائنل مقابلوں میں ڈویژنل مرحلے میں کامیابی حاصل کرنے والے منتخب طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ ان مقابلے جات میں الخدمت فاؤنڈیشن اسکول قتیبہ کیمپس کے گریڈ 7 کے طالب علم محمد رفیع (ولد رفیق احمد) نے نعت خوانی کے مقابلے میں صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہیں ان کی اس شاندار کامیابی پر 5 لاکھ روپے نقد انعام، یادگاری شیلڈ اور اعزازی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔اسی طرح، گریڈ 8 کی طالبہ فرحین ظفر (ولد ظفر احمد) نے بہترین کارکردگی پر صوبائی سطح پر دوسری پوزیشن اپنے نام کی، اور وہ 3 لاکھ روپے نقد انعام، شیلڈ اور اعزازی سرٹیفکیٹ کی حقدار قرار پائیں۔اس شاندار کامیابی پر اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور والدین نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کی کامیابی نہ صرف الخدمت فاؤنڈیشن اسکول قتیبہ کیمپس بلکہ پورے چترال کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقے کے طلبہ آئندہ بھی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں قوم و ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔



