آفاق چترال کے زیرِ اہتمام ‘ٹیچر آف دی ایئر ایوارڈ 2026’ کی پروقار تقریب

چترال(ڈیلی چترال نیوز)ایسوسی ایشن فار اکیڈمک کوالٹی (آفاق) چترال کے زیرِ اہتمام کامرس کالج کے ہال میں ‘ٹیچر آف دی ایئر ایوارڈ 2026’ کا انعقاد کیا گیا، جو چترال کی تعلیمی تاریخ کی ایک منفرد اور شاندار تقریب ثابت ہوئی۔ تقریب میں لوئر اور اپر چترال کے مختلف نجی تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کی سال بھر کی بہترین کارکردگی اور گراں قدر تعلیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایوارڈز سے نوازا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) لوئر چترال عبدالاسلام تھے، جبکہ صدارت کے فرائض آفاق ملاکنڈ کے ریجنل منیجر ماجد علی نے انجام دیے۔
اس پروقار موقع پر اے ڈی سی (جنرل) عبدالاسلام، ریجنل منیجر ماجد علی، زونل منیجر شعیب خان، ڈپٹی زونل مینیجر ذوالفقار علی خان، پرنسپل کامرس کالج پروفیسر عبدالفتاح، پرنسپل ڈگری کالج پروفیسر فضلِ حق، اور دیگر نمایاں شخصیات جن میں پروفیسر حسام الدین، پروفیسر نظام الدین، ضیاء الدین، وجیہہ الدین، گل نواز، شجاع الحق، ہدایت اللہ، فخرِ عالم اور ظاہر الدین شامل تھے، نے اساتذہ میں ایوارڈز اور انعامات تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ملک بھر بالخصوص چترال میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ‘آفاق’ کے کلیدی اور متحرک کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آفاق کا مربوط اور جدید تعلیمی نظام دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق بہترین نصابی کتب کی تیاری کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت (ٹیچر ٹریننگ) کے لیے بھی مسلسل کوشاں ہے۔
مقررین نے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کے اعلیٰ مرتبے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ نئی نسل کے معمار ہیں اور قوم کے روشن مستقبل کی تشکیل انہی کے مرہونِ منت ہے۔ انہوں نے آفاق کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کا مورال بلند کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ایسی تقاریب کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے چترال اور ملک بھر میں تعلیم کا معیار مزید بلند ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر ایوارڈ حاصل کرنے والے اساتذہ نے آفاق چترال کی اس کاوش پر ان کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں مزید جذبے اور محنت کے ساتھ تعلیمی خدمات سرانجام دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔








