61

اہم قومی اور مذہبی تہواروں پرحسن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو پرکشش انعامات ملیں گے۔مظفر سید ایڈوکیٹ

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے شہروں میں صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کیلئے میونسپل کمیٹیوں اور کینٹ بورڈز کے مابین سالانہ مقابلے منعقد کرانے اور حسن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو پرکشش انعامات دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ میونسپل اور کینٹ بورڈز انتظامیہ میں مقابلے کی فضا برقرار رہنے کے علاوہ شہری خدمات کی سرگرمیاں بھی زیادہ بہتر اور مربوط بنیں جبکہ اس مقصد کیلئے میونسپل و کینٹ بورڈز انتظامیہ میں روابط کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی بازاروں اور گلی کوچوں کی خوبصورتی اور سجاوٹ کے یہ مقابلے جشن آزادی، عیدین اور عید میلادالنبیﷺ سمیت اہم قومی اور مذہبی تہواروں پر منعقد ہونگے۔ وہ اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں کنٹونمنٹ بورڈ رسالپور کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر رسالپور کینٹ بورڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر عذرا بخت اور ممبر سید ندیم شاہ ٹیپو مشوانی نے رسالپور چھاونی کی خوبصورتی اور صحت و صفائی کے نظام کی بہتری کیلئے بورڈانتظامیہ کے اقدامات اور بعض مسائل و مشکلات سے انہیں آگاہ کیااور ان کے حل میں تعاون کی درخواست کی۔سیکرٹری خزانہ علی رضا بھٹہ اور سپیشل سیکرٹری محمد ادریس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے ان معروضات کے مناسب ازالے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت امتیازات سے بالا تر ہو کر صوبے کے تمام شہروں بلکہ گوشے گوشے کی متوازن ترقی اور خوبصورتی یقینی بناناچاہتی ہے۔ ہم نے بلدیاتی اداروں کو بڑی سنجیدگی سے لیا ہے اور نہ صرف افسران کی مٹھی گرم کرکے گھر بیٹھے تنخواہیں لینے یا اعلیٰ حکام کا ذاتی کام کرنے والے تمام عملے کو واپس بلاکر انکی کارکردگی بہتر بنا دی بلکہ تاریخ میں پہلی بار بلدیاتی اداروں کو بھرپور اختیارات اور وسائل منتقل کرکے انہیں مکمل طور پر عوامی ادارے بنا دیا ہے۔مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ کنٹونمنٹ علاقے محض فوجی چھاؤنیاں ہی نہیں بلکہ شہروں کے خوبصورت حصے بن چکے ہیں جہاں ہمارے سویلین بھی رہائش کو ترجیح دیتے ہیں اس لئے صوبائی حکومت ان کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں کنٹونمنٹ بورڈز کے ساتھ حتیٰ الوسع اور مخلصانہ تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کینٹ کے اندر خستہ حالی کی شکار پانچ بڑی سڑکوں کی تعمیر ہمارے اخلاص کا منہ بولتا ثبوت ہے حالانکہ صوبائی حکومت کے مالی وسائل انتہائی محدود ہیں۔انہوں نے کہا کہ کینٹ ایریاز کی صفائی اور خوبصورتی ملحقہ شہروں کی میونسپل انتظامیہ کے لئے بھی مثال بن جاتی ہے اور اس طرح کینٹ بورڈز اور میونسپل کمیٹیوں کے مابین شہری خدمات کی بہتری کے حوالے سے مقابلے کا رجحان پروان چڑھتا ہے جس کی ہر جانب سے حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔مظفر سید ایڈوکیٹ نے کینٹ بورڈز رسالپور کے محصول چونگی بقایاجات سے متعلق درخواست پر تجویز دی کہ صوبے کے تمام کینٹ بورڈز اس سلسلے میں مشترکہ کیس بنائیں تاکہ صوبائی حکومت وفاق کی معاونت و مشاورت سے یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل کرے۔انہوں نے سپیشل سیکرٹری خزانہ محمد ادریس مروت کو اس مقصد کیلئے فوکل پرسن مقرر کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں