تازہ ترین
ٹیلی نار سروس کی بندش اور عوامی شکایات پر انتظامیہ کا ایکشن، کمپنی حکام طلب

چترال/لوئر چترال کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل کال سروس کے شدید مسائل اور اس حوالے سے موصول ہونے والی عوامی شکایات پر ضلعی انتظامیہ نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) لوئر چترال، عبدالسلام کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ٹیلی نار کمپنی کے ذمہ دار افسران کے ساتھ ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں سروس کی فوری بحالی کے لیے سخت احکامات جاری کیے گئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ٹیلی نار حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو درپیش مواصلاتی مسائل کو محض عارضی طور پر نہیں بلکہ مستقل اور پائیدار بنیادوں پر حل کیا جائے۔
- کمپنی کو پابند کیا گیا کہ ان کی ٹیکنیکل ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں اور کسی بھی فنی خرابی (Technical Fault) کو موقع پر دور کر کے رپورٹ پیش کریں۔
- ٹیلی نار انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ ضلع بھر میں سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک جامع پلان تیار کر کے انتظامیہ کو جمع کرائے۔
- اے ڈی سی جنرل نے واضح کیا کہ اب سے ہر ہفتے ریویو اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں ٹیلی نار سمیت دیگر نیٹ ورک فراہم کرنے والے اداروں کی کارکردگی کا موازنہ کیا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالسلام کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بنیادی ضرورت بن چکی ہے، اس لیے کسی بھی کمپنی کو عوام کے وقت اور پیسے کے ضیاع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



