ٹی ایم اے چترال: ترقی پانے والے ملازمین میں 40 لاکھ روپے سے زائد کے بقایاجات تقسیم

چترال (نمائندہ) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (TMA) چترال کے ٹی ایم او حیدر ایوب خان نے ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران ترقی پانے والے ملازمین میں ان کے دیرینہ واجبات کے چیک تقسیم کر دیے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے گرانٹ کے اجرا کے بعد 40 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ملازمین کو ادا کر دی گئی ہے۔
یہ واجبات سال 2017ء سے التوا کا شکار تھے، جس کی وجہ سے ملازمین کو شدید مالی مشکلات کا سامنا تھا۔
ٹی ایم او حیدر ایوب کی ذاتی دلچسپی اور انتھک کوششوں کے نتیجے میں فنڈز کا حصول ممکن ہوا، جس سے برسوں پرانا مسئلہ حل ہوگیا۔
واجبات کی وصولی پر ملازمین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹی ایم اے چترال کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ان کی مالی پریشانی دور ہوئی ہے بلکہ محکمے پر ان کا اعتماد بھی بحال ہوا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ٹی ایم او حیدر ایوب نے کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود اور ان کے جائز حقوق کی بروقت ادائیگی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انتظامیہ سروس ڈیلیوری اور ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔



