وادی چترال میں موسم بہار اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہے، جہاں پہاڑوں اور میدانوں نے سبزے کی چادر اوڑھ لی ہے

وادی چترال میں موسم بہار اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہے، جہاں پہاڑوں اور میدانوں نے سبزے کی چادر اوڑھ لی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے وقفے وقفے سے جاری بارشوں نے جہاں موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے، وہی قدرتی حسن کو چار چاند لگا دیے ہیں۔
بارشوں کے بعد وادی کا گوشہ گوشہ نکھر گیا ہے اور ہر طرف پھیلی ہریالی سیاحوں اور مقامی لوگوں کو سحر زدہ کر رہی ہے۔ ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ اور درختوں پر نئی کونپلیں چترال کے قدرتی حسن کو مزید دلکش بنا رہی ہیں۔ وادی میں داخل ہونے والے مسافروں کے لیے یہ نظارے کسی جنت نظیر منظر سے کم نہیں، جو اپنی خوبصورتی سے دیکھنے والوں کو مسحور کر رہے ہیں۔
تاہم، رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ہونے کی وجہ سے فی الحال وادی میں سیاحتی سرگرمیاں ماند ہیں۔ مقامی کاروباری افراد اور سیاحت سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ وادی اس وقت اپنے بہترین جوبن پر ہے، لیکن سیاحوں کی آمد کا باقاعدہ سلسلہ عید الفطر کے بعد شروع ہونے کی توقع ہے۔
امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران ملک بھر سے بڑی تعداد میں لوگ چترال کے اس دلکش موسم اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے رخ کریں گے، جس سے علاقے میں سیاحت کا ایک نیا سیزن بھرپور طریقے سے شروع ہوگا۔



