چترال: ملک امیر زیب خٹک کی ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے کے عہدے پر ترقی، نیازی ایڈوکیٹ کی مبارکباد

چترال (بشیرحسین آزاد) چترال کے معروف قانون دان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترجمان نیاز نیازی ایڈوکیٹ نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) میں ملک امیر زیب خٹک کی ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں نیاز نیازی ایڈوکیٹ نے کہا کہ ملک امیر زیب خٹک ایک قابل، محنتی اور دیانتدار افسر ہیں جنہوں نے اس سے قبل بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر این ایچ اے لواری ٹنل کے اپروچ روڈ کی تعمیر کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرکے چترال کے عوام کا دیرینہ مسئلہ حل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم منصوبے کی بروقت تکمیل سے علاقے میں آمد و رفت کی سہولت بہتر ہوئی اور عوام کو بڑی آسانی میسر آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک امیر زیب خٹک کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور کارکردگی اس بات کی ضمانت ہیں کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ بطور ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے ان کی تعیناتی سے گرم چشمہ روڈ اور چترال-شندور روڈ جیسے اہم منصوبے بھی تیزی سے مکمل ہوں گے، جس سے علاقے کی ترقی اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔
نیاز نیازی ایڈوکیٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چترال کے اہم شاہراہی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ علاقے کے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملک امیر زیب خٹک اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ان منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔



