تازہ ترین

ڈی پی او لوئر چترال کی زیرِ صدارت کرائم میٹنگ، منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم، پانچ ایس ایچ اوز کو شوکاز نوٹس

چترال/ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس بلچ میں کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ضلع بھر میں امن و امان، سنگین مقدمات کی تفتیش، اشتہاری ملزمان کی گرفتاری، جرائم کی روک تھام، پولیس کی مجموعی کارکردگی اور عوامی خدمت سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایس پی انویسٹی گیشن اقبال کریم، ایس پی ایلیٹ فورس عتیق الرحمن، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر اقبال الدین، مختلف سرکلز کے ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پی لیگل شیر محسن الملک، ضلع بھر کے ایس ایچ اوز، تفتیشی افسران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

ڈی پی او ریشم جہانگیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، سماج دشمن عناصر اور قانون شکن افراد کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ انہوں نے منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرنے اور انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلانے پر زور دیا۔

انہوں نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کم عمر ڈرائیوروں، بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں، خطرناک ڈرائیونگ، اوورلوڈنگ اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

ڈی پی او نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آیا جائے، ان کی شکایات فوری سنی جائیں اور مسائل قانون کے مطابق بروقت حل کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر اور باوقار پولیس سروس فراہم کی جا سکے۔

اجلاس کے دوران تمام تھانوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ڈی پی او نے ناقص کارکردگی پر پانچ ایس ایچ اوز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی۔

اجلاس کے اختتام پر ڈی پی او ریشم جہانگیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لوئر چترال میں امن و امان کے قیام، جرائم کے خاتمے، منشیات کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن، ٹریفک نظم و ضبط کے فروغ اور عوام کو شفاف و بروقت پولیس خدمات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button