لوئر چترال کے ہونہار نوجوان ہمام علی پاک فوج کے 158 لانگ کورس کے لیے منتخب

چترال /لوئر چترال کے علاقے دنین شاہ ڈوک سے تعلق رکھنے والے ہونہار نوجوان ہمام علی ولد اکرام اللہ نے پاک فوج کے باوقار 158 لانگ کورس میں کامیابی حاصل کر کے اپنے علاقے کا نام روشن کر دیا ہے۔
ہمام علی پی ٹی سی ایل (PTCL) آفس چترال میں بطور ریکوری انسپکٹر تعینات اکرام اللہ کے فرزند ہیں۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم آرمی پبلک اسکول چترال سے حاصل کی، جبکہ میٹرک کا امتحان گورنمنٹ ہائی اسکول برائے طلباء چترال سے پاس کیا۔ بعد ازاں، انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے طلباء لوئر چترال سے ایف ایس سی مکمل کی۔
ہمام علی کے پاک فوج میں بطور کمیشنڈ افسر انتخاب کی خبر سنتے ہی چترال بھر، بالخصوص دنین شاہ ڈوک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ علاقے کی معزز شخصیات، پی ٹی سی ایل کے ملازمین اور دوست احباب نے ہمام علی اور ان کے والد اکرام اللہ کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اہلیانِ علاقہ اور خیر خواہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ہمام علی پاک فوج کا حصہ بن کر ملک و ملت کی خدمت کریں گے اور اپنی محنت و لگن سے چترال کی مٹی کا نام فخر سے بلند کریں گے۔



