ہوش ربا مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن کی ملک گیر شاہراہیں بند کرنے کی کال پر اتالیق چوک چترال میں ایک بہت بڑا اور احتجاجی جلسہ عام منعقد

چترال (بیورو رپورٹ) پٹرولیم مصنوعات پر 120 روپے فی لیٹر ظالمانہ لیوی اور ملک میں بڑھتی ہوئی ہوش ربا مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن کی ملک گیر شاہراہیں بند کرنے کی کال پر اتالیق چوک چترال میں ایک بہت بڑا اور احتجاجی جلسہ عام منعقد ہوا، جس میں تاجر برادری، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔جلسہ عام سے جماعت اسلامی لوئر چترال کے ضلعی امیر وجیہہ الدین، نائب امیر مولانا جمشید، ضلعی سیکرٹری عبدالحق، شجاع الحق بیگ، مولانا رحمت اللہ اور سلطان محمد نے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ تجار یونین کے صدر نور احمد خان اور عوامی نیشنل پارٹی کے صدر حاجی عید الحسین نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور جلسے سے خطاب کیا۔مقررین نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پر عائد کردہ بھاری لیوی کو عوام کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ضلعی امیر وجیہہ الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال کر پٹرولیم لیوی کی مد میں 1800 ارب روپے بٹورے ہیں، جس نے معاشرے کے ہر طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر اس ظالمانہ لیوی کو فوری طور پر ختم کیا جائے تو ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں فی الفور 200 روپے فی لیٹر تک نیچے آ سکتی ہیں۔تجار یونین کے صدر نور احمد خان اور اے این پی کے صدر حاجی عید الحسین سمیت دیگر مقررین نے حکومت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ چترال کے عوام اس معاشی ظلم کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے اور اپنے حقوق کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، بصورت دیگر یہ احتجاج ایک فیصلہ کن تحریک کی شکل اختیار کر لے گا جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ اپر چترال کے بونی میں بھی موٹر گاڑیوں کی ٹریفک کو بند کیا گیا جبکہ جلسے سے ضلعی امیر اسد االرحمن اور دوسروں نے خطاب کیا۔








