تازہ ترین

کالاش قبیلے کا سالانہ مذہبی و ثقافتی تہوار ’’اوچاؤ‘‘ اپنی تمام تر رنگینیوں اور روایتی رسومات کے ساتھ وادی رمبور میں اختتام پذیر

چترال (ڈیلی چترال نیوز): کالاش قبیلے کا سالانہ مذہبی و ثقافتی تہوار ’’اوچاؤ‘‘ اپنی تمام تر رنگینیوں اور روایتی رسومات کے ساتھ وادی رمبور میں اختتام پذیر ہوگیا۔ تہوار میں ملکی و غیرملکی سیاحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کالاش ثقافت کے مختلف رنگوں سے محظوظ ہوئے۔

چترال کی قدیم اور منفرد کالاش تہذیب کا یہ اہم تہوار 21 اگست کو شروع ہوا تھا، جو روایتی رسومات، رقص، موسیقی اور مختلف ثقافتی سرگرمیوں کے بعد اختتام پذیر ہوا۔ موسم گرما کے اختتام پر منعقد ہونے والے اس تہوار میں شرکت کے لیے بڑی تعداد میں سیاحوں نے چترال اور کالاش وادیوں کا رخ کیا۔

اوچاؤ بنیادی طور پر گندم، جو اور دیگر فصلوں کی کٹائی مکمل ہونے کی خوشی اور قدرت کی عطا کردہ نعمتوں پر شکرگزاری کے طور پر منایا جاتا ہے۔ تہوار کے دوران کالاش برادری اپنی صدیوں پرانی مذہبی روایات، ثقافتی اقدار اور رسم و رواج کو اجاگر کرتی ہے۔ پہاڑی علاقوں سے گندم اور مکھن آبادی تک لایا جاتا ہے، جبکہ مکھن ہمسایوں، رشتہ داروں، مہمانوں اور سیاحوں میں خوشی و محبت کے اظہار کے طور پر تقسیم کیا جاتا ہے۔

تہوار کے دوران نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ڈانسنگ ہال میں جمع ہوکر روایتی گیت گاتے اور مخصوص دھنوں پر رقص کرتے ہوئے اپنی ثقافتی رسومات ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر سیاحوں نے کہا کہ کالاش وادیوں میں سیاحت کے فروغ کے لیے سڑکوں سمیت بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ خراب سڑکوں کے باعث چند منٹوں کا سفر کئی گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہے، جس سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وادیوں کی سڑکوں کی فوری مرمت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ سیاحت کو مزید فروغ مل سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button