چترال بونی روڈ پر کام تین ہفتوں سے بند، عوام اور مسافر شد شدید مشکلات کا شکار۔نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ

چترال/چترال بونی روڈ پر اسفالٹ اور زیر تعمیر کام گزشتہ تین ہفتوں سے مکمل طور پر ٹھپ پڑا ہے، جس کے باعث علاقے کے عوام، ڈرائیور برادری اور مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ سیاحتی اور تعمیراتی سیزن ختم ہونے کے قریب ہے، لیکن نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور متعلقہ ٹھیکیدار کمپنی کی عدم توجہ کی وجہ سے اہم شاہراہ کی بحالی کا کام معطل ہے۔معروف قانون دان نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چرون تا بونی، اور زئیت، کوراغ سے لے کر برنس اور گرین لشٹ تک پرانا لکڑا ہوا ترکول اکھاڑے تین سال کا طویل عرصہ گزر چکا ہے۔ پرانی سڑک اکھاڑنے کے بعد اب تک وہاں نیا اسفالٹ نہیں بچھایا گیا، جس سے سڑک کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہے اور گرد و غبار کی وجہ سے عوام کو سخت آلودگی کا سامنا ہے۔انہوں نے این ایچ اے کے اعلی حکام اور ٹھیکیدار کمپنی سے پرزور التجا کی ہے کہ سیزن کے اختتام سے قبل مزید نئی کھدوائی کرنے کے بجائے پہلے سے متاثرہ اور اکھاڑے گئے پیچز (Patches) پر فوری ترکول بچھایا جائے تاکہ عوام کو آمدورفت میں آسانی میسر آ سکے اور اربوں روپے کا یہ اہم منصوبہ مزید تاخیر کا شکار نہ ہو۔



