272

نادیدہ قوتیں انتخابات کے نتائج تبدیل کرتی ہیں، مولانافضل الرحمان

نوشہرہ:(اے پی پی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نادیدہ قوتیں انتخابات کے نتائج تبدیل کرتی ہیں اسی وجہ سے ملک میں روایتی سیاست کرنے والے زوال کا شکار ہیں۔ نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ روایتی سیاست کرنے والوں پر مفادات کا غلبہ ہے کیونکہ کچھ نادیدہ قوتیں انتخابات کے نتائج تبدیل کردیتی ہیں اور یہی چیز ہمارے راستے میں رکاوٹ کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہماری جماعت دوسری پارٹیوں سے منفرد ہے، ہماری نظر میں مفادات کی کوئی اہمیت نہیں، ہماری سیاست ملک میں قرآن اور سنت کے نفاذ کے لیے ہی ہے، جمعیت علمائے اسلام فرقہ واریت پر یقین نہیں رکھتی‘‘۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تمام مکاتب فکر اور فرقے کے لوگوں کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں، ہم ملک میں اقلیتوں کے تحفظ کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی عمل کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتے ہیں اور پاکستان کے آئین و قانون کے تحت ہی اپنی سیاست کرتے ہیں۔ سربراہ جے یو آئی ایف نے کہا کہ ’’ہم نے سیاسی عمل کے ذریعے آگے بڑھتے ہوئے ملک میں تبدیلی آئین، قانون، شریعت اور نظام کی اصلاح چاہتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ‘‘دنیا میں جو جنگ جاری ہے اس کے ذریعے اسلام کے چہرے کو گرد آلود کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس مشکل وقت میں ہم سب کو اسلامی کی ترجمانی کرنی ہوگئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں