227

چترال میں منگل کی رات اور بدھ کے روز ضلع بھر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا ،لواری ٹاپ پر 3فٹ سے زیادہ برف پڑنے کی وجہ چترال پشاور روڈ مسلسل بند ہے

چترال ( محکم الدین ایونی )چترال میں منگل کی رات اور بدھ کے روز ضلع بھر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا ۔ لواری ٹاپ پر 3فٹ سے زیادہ برف پڑنے کی وجہ چترال پشاور روڈ مسلسل بند ہے ۔ چترال سے پشاور جانے والے اور پشاور سے چترال آنے والے مسافر وں کو اکیس گھنٹے انتظار کے بعد ٹنل سے گزرنے کی اجازت دی گئی ۔ سینکڑوں افراد جن میں مردو خواتین اور بچے شامل تھے ٹنل کے کھلنے کے لئے میر کھنی پوسٹ اور دیر میں انتظار کیا ۔ چترال کے مقامات کالاش ویلی بمبوریت م کے شیخاندہ میں 7 انچ ، موڑکہو میں6انچ ، مستوج 9نچ شندور 2فٹ ، مڈکلشٹ 8انچ یارخون بروغل 18 انچ ،کھوت 11 انچ ، گرم چشمہ کے بالائی مقامات پر 2فٹ سے زیادہ برف پڑی ہے ۔ چترال شہر اور اطراف میں بارش اور برف باری کی وجہ سے سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ بارش اور برفباری سے چترال کے زیادہ خشک علاقوں کے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اور فضا بھی صاف اور خوشگوار ہے ۔ تاہم برفباری کے نتیجے میں لواری ٹاپ کی بندش سے آمدورفت کی راہ میں مشکلات کا سامنا اور خوراک کی قلت کا خدشہ ہے ۔ لواری ٹنل کے راستے ٹرکوں کو گزرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ، اس لئے چترال بازار میں اشیاء خوردونوش ، سبزیات ، گوشت اور مُرغیوں کی قیمت میں راتوں رات اضافہ کیا گیا ہے ۔ اور دکاندار انتظامیہ سے روڈ کی بندش سے فائدہ اُٹھاکر من مانی نرخنامہ مقرر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ لواری ٹنل کی بندش سے پہلے ٹماٹر 40 روپے فروخت کیا جاتا تھا ۔ اب 70روپے کلو فروخت کیا جاتا ہے ۔ اسی طرح دیگر سبزیات میں بھی فی کلو تیس سے چالیس روپے اضافی قیمت وصول کیا جاتا ہے ۔ دوسری طرف ضلعی انتظامیہ لواری ٹاپ کی بندش کے بعد سراسیمگی کی کیفیت میں ہے ۔ خصوصا نئے ڈپٹی کمشنر پر چترال کے موجودہ حالات سے کافی بوجھ پڑ گیا ہے ۔ عوام لواری ٹنل کو ہفتے میں دو دن کھولنے کے سلسلے میں اُن کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ لیکن اس حوالے سے اُن کو کوئی سمجھائی نہیں دیتا ۔ کہ کیا کیا جا سکتا ہے ۔ سردی نے سوختنی لکڑی کی قیمت کو بھی آسمان تک پہنچا دیا ہے ۔ جو مارکیٹ میں کُھلے عام دستیاب نہیں ۔ اور جہاں دستیاب ہے ۔ وہ لوگوں کی قیمت خرید سے باہر ہے ۔ جبکہ زیادہ تر لوگ قیمت کی بحث میں پڑے بغیر جلانے کی لکڑی خرید رہے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں