212

پشاور میں ڈیزاسٹرو ٹراما مینجمنٹ سنٹر قیام کا فیصلہ خوش آئند ہے۔مظفر سید ایڈوکیٹ

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)الخدمت فاؤنڈیشن نے پشاور میں اپنی نوعیت کا پہلا ڈیزاسٹرو ٹراما مینجمنٹ سنٹر (ڈی ایم سی) قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے پشاور کے علاوہ چارسدہ، نوشہرہ اور مردان کی آبادی کو فوری ایمرجنسی اور ریسکیو سہولیات مہیا کی جا سکیں گی اس مقصد کیلئے چغلپورہ کے قریب جی ٹی اور رنگ روڈ کے سنگم پر ایک کنال اراضی حاصل کر لی گئی ہے پہلے مرحلے میں تقریبا ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے ڈی ایم سی کی دو منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی اور اسے کوالیفائیڈ ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل سٹاف اور بارہ نئی ایمبولینسوں کے علاوہ زلزلہ یا طوفان سے تباہ شدہ یا آتشزدگی کی شکار عمارات اور گاڑیوں سے زخمیوں کو نکالنے کے جدید ساز و سامان سے لیس کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں سنٹر کی توسیع کے علاوہ بالائی منزل پر ہیلی پیڈ کی تعمیر بھی ہوگی تاکہ شاہراہوں پر رکاوٹوں یا زیادہ مسافت کے سبب مریضوں کی فوری منتقلی یقینی بنے اور قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے یہ بات خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ کو فاؤنڈیشن کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتائی گئی جسے خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہوں نے انتہائی خوشی اور مسرت کا اظہار کیا اور صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ اہم کام حکومت کے کرنے کا ہے اور اگرچہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کے ساتھ ساتھ کئی ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں تاہم وسائل کی کمی ہمارے آڑے آرہی ہے ایسے میں فلاحی داروں کی جانب سے تعلیم اور صحت کے میدان میں تعاون کا حکومت اور عوام کی سطح پر کھلے دل سے خیرمقدم کیا جائے گا انہوں نے ڈی ایم سی کے قیام میں الخدمت فاؤنڈیشن کی فراخدلانہ مالی امداد پر برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کی اسلامی فلاحی انجمنوں اور سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس کارخیر کو جاری رکھ کر انسانیت کی معراج پر پہنچایا جائے گا انہوں نے کہا کہ عوام بالخصوص بے آسرا اور غریب طبقے کو تمام سہولیات کی فراہمی حکومت کے بس کی بات نہیں اور ایسے میں فلاحی اور خیراتی ادارے آگے بڑھ کر اپنا کلیدی کردار ادا کریں تو معاشرے میں نیکیاں عام اور برائیاں خودبخود ختم ہونگی انہوں نے بتایا کہ رنگ روڈ اور دلہ زاک روڈ کے سنگم پر انڈس ہسپتال کی تعمیر بھی شروع ہے جہاں مریضوں کا جدید خطوط پر بالکل مفت علاج ہو گامظفر سید ایڈوکیٹ نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ الخدمت فاؤنڈیشن سات اہم شعبوں میں ملک بھر کے عوام کی بے لوث خدمت میں شبانہ روز کوشاں ہے جن میں تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، کمیونٹی سروسز، مواخاۃ کے نام سے ہنرمند نوجوانوں کو چھوٹے گھریلو کاروبار کیلئے قرض حسنہ کی فراہمی، یتماء اور بیواؤں کی کفالت اور قدرتی آفات میں ریسکیو و بحالی کے اقدامات شامل ہیں وزیرخزانہ نے فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص چمکنی کی انتظامی صلاحیتوں کی بطور خاص تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج نہ صرف ڈیرہ سے کراچی بلکہ افغانستان اور ایران کی سرحدوں پر ان ممالک کے باشندے بھی فاؤنڈیشن کی فلاحی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں اور ملک سے باہر سمندر پار بھی اسکی فلاحی سرگرمیوں کے چرچے ہیں جو ہم سب کیلئے باعث فخر و اعزاز ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں