228

طویل عرصے سے یونین کونسل کوہ کے عوام اور چترال ٹاون کے پاور کمیٹی کے مابین بجلی کی تقسیم کے حوالے سے چلنے والا تنازعہ بالاخر ہفتے کے روز طویل گفت و شنید کے بعد حل

چترال ( محکم الدین ایونی ) طویل عرصے سے یونین کونسل کوہ کے عوام اور چترال ٹاون کے پاور کمیٹی کے مابین بجلی کی تقسیم کے حوالے سے چلنے والا تنازعہ بالاخر ہفتے کے روز طویل گفت و شنید کے بعد حل کر دیا گیا ۔ اور پاور کمیٹی چترال نے اس سلسلے میں ٹاون کے لوگوں کو مبارکباد دی ہے ۔ کہ ایک اہم مسئلہ باہمی بات چیت اور رواداری کے تحت حل ہو گیا ہے ۔ پاور کمیٹی کے چیرمین خان حیات اللہ خان نے فیصلے کے بعد ڈی سی آفس روڈ پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ ہم نے ابتدا میں بھی کوہ کے بھائیوں سے یہ کہا تھا ۔ کہ بجلی کی پیداوار چترال ٹاؤن میں تقسیم کرنے کے بعد اضافی بجلی کوہ یوسی کے باشندگان کو دیا جائے گا ۔ اور آج بھی ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ کہ چترال ٹاؤن کی ضرورت پوری ہونے کے بعد اضافی بجلی کوہ یوسی میں تقسیم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہم کوہ کے بھائیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ کہ بالاخر وہ ہماری بات سمجھ گئے ہیں ۔ کہ چترال ٹاؤن سب کا ہے ۔ ہسپتال سے لے کر سکول و کالج یو نیورسٹی اور سرکاری و غیر سرکاری ادارے ٹاؤن میں موجود ہیں ۔ جن سے چترال کے تمام باشندے فوائد حاصل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا۔ کہ ہم نے سیاست سے بالا تر ہو کر چترال ٹاؤن کے مسائل کے حل کیلئے قدم اٹھایا ہے ۔ جن میں سے بجلی کا مسئلہ سب سے اہم تھا ۔ جو کہ ایس آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹیو شہزادہ مسعود الملک کے بھر تعاون سے حل ہو گیا ہے ۔ اس کے بعد ٹاؤن میں پینے کے پانی کے سلسلے میں کو شش کی جائے گی ۔ جلسے سے ضلع ناظم مغفرت شاہ نے خطاب کرتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کیا ۔ کہ بجلی کی تقسیم کا تنازعہ سنگین صورت اختیار کر گیا تھا ۔ اور ایک بڑے تصادم کے امکانات تھے ۔ جو کہ کوہ کے لوگوں کے تعاون سے حل ہو ا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ بحیثیت ضلعی سربراہ وہ چترال کی مشکلات کو دور کرنے کی حتی المقدور کوشش کریں گے ۔ قبل ازین ڈی سی آفس چترال میں ڈپٹی کمشنر چترال شہاب حامد یو سفزئی کی زیر صدارت یونین کونسل کوہ کے نمایندگان ،سابق ایم پی اے مولانا عبد الرحمن ، نائب ناظم کوہ عبد القیوم شاہ ،اخونزادہ رحمت اللہ ،صفدر ولی کاش ، عبدالغفار لال اور پاور کمیٹی چترال کے عہدہ داراں چیرمین خان حیات اللہ خان ، سابق منیجر شیر آغا ، ناصر احمد ، منیر احمد چارویلو ، قاضی سیف اللہ وغیرہ نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالغفار ،ڈی پی ایم طارق احمد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مظہر علی شاہ بھی موجود تھے ۔ بات چیت کے دوران پاور کمیٹی نے ایک مرتبہ نشست سے واک آوٹ کیا ۔ جنہیں بعد آزان ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ اور مطہر علی شاہ نے دوبارہ اجلاس میں شرکت پر راضی کیا ۔ اور دوسری نشست میں اس بات پر اتفاق ہوا ۔ کہ بجلی پہلے گرڈ پہنچائی جائے گی ۔ اور چترال ٹاؤن میں تقسیم کے بعد پیداوار کا اندازہ لگایا جائے گا ۔کہ بجلی چترال ٹاؤں کی ضرورت پوری کرنے کے بعد کتنی اضافی بچتی ہے ۔ اس کے بعد 10فروری کو دوبارہ نشست ہو گی ۔ جس میں آیندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔ تاہم یوسی کوہ کے بعض نمایندگان اس موقع پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سنگین قدم آٹھانے کی دھمکی ہے ۔ بجلی کے حوالے سے یوسی کوہ کے عوام کی ہٹ دھرمی کے خلاف چترال ٹاؤن کے لوگوں نے زبردست جلوس نکالا ۔ اور پاور کمیٹی کی حمایت اور کوہ یوسی کو سپورٹ کرنے والوں کے خلاف مردہ باد کے نعرے لگائے ۔ پاور کمیٹی نے کہا ہے ۔ کہ ہفتے کی شام تک بجلی کی تقسیم کرکے چترال شہر کواندھیروں سے نکالا جائے۔ درین اثنا چترال کے شہریوں نے پاور کمیٹی کے چیرمین اور ممبران کے حق میں خیر مقدمی جلوس نکالا ۔ اوراُن کی حمایت میں نعرے لگائے ۔ اس موقع پر ضلع ناظم بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں