آل ٹیچرزکوآرڈینیشن کونسل کا 15 مئی کو صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنے کا اعلان

خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ نے اپنے مطالبات کے تسلیم نہ ہونے کی صورت 15 مئی کو صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کی دھمکی دی ہے۔اس سلسے میں آج تیمر گرہ کے ضلعی تعلیم افسر کےسامنے آل ٹیچرزکوآرڈینیشن کونسل کے زیر اہتمام ایک ریلی نکالی گئی۔اس موقع پر اپنے خطاب میں تنظیم کے چیئرمین خیراللہ حواری سمیت دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی حکومت نے ان کےسروس سٹرکچراور ٹائم سکیل دینے، این ٹی ایس کے تحت بھرتی اساتذہ کو مستقل کرنے، ٹیچر سن کوٹہ بحال کرنے اور ٹیچنگ الائنس منظور کرنے جیسے دیگر جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے تو 15 مئی کو صوبہ بھر کے سکولوں کو تالے لگا کر اساتذہ صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے۔یاد رہے کہ اپنے انہی مطالبات کے حق میں اساتذہ نے 20 اپریل کو بھی صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا تھا جس میں شرکت کرنے والے اساتذہ سے محکمہ تعلیم کی جانب سےایک دن کی تنخوا کاٹی گئی تھی۔