184

ورکرزویلفیئرملازمین کو23 مئی تک تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم

شاور ہائی کورٹ کے جسٹس قیصر رشید اور جسٹس عبد الشکور پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر پختونخوا کے ملازمین کو گزشتہ ایک سال سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ویلفیئر کے متعلقہ حکام کو 23 مئی تک ملازمین کو تمام بقایاجات ادا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں اور متنبہ کیا ہے کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں متعلقہ حکام کی تنخواہیں قرق کردی جائیں گی۔عدالت عالیہ کے فاضل بنچ نے یہ احکامات گزشتہ روز درخواست گزار آل پاکستان ورکرز ایمپلائز فیڈریشن کے صدر اورنگزیب خان کی رٹ پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے جاری کئے۔اس موقع پر ان کے وکیل ایاز ماجد نے عدالت کو بتایا کہ درخوارست گزار سمیت ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین کو گزشتہ ایک سال سے زائد سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی جس کے باعث وہ معاشی طور پر بدحال ہوچکے ہیں اور تعلیمی فیسیں ادا نہ ہونے پر ان کے بچوں کے نام بھی سکولوں سے خارج کردیئے گئے ہیں جبکہ کئی گھرانوں میں فاقوں کی نوبت پہنچ چکی ہے۔جس پر جسٹس قیصر رشید نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں کے اساتذہ کام کرتے ہیں اور انہیں تنخواہیں ادا نہیں کی جاتیں اگر کسی افسر کی تنخواہ بند کردی جائے تو پھر اسے پتہ چلے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں