Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

گرم چشمہ میں آغا خان لوکل کونسل کا اہم اجلاس

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) انتہائی متاثرہ علاقہ ہونے کے با وجود گرم چشمہ کے عوام نے ریلیف اور بحالی میں اتفاق و اتحاد اور اپنی مدد آپ کے تحت کام کرنے کا جو جذبہ دیکھایا ۔ وہ تمام لوگوں کیلئے ایک مثال ہے ۔جس قوم کے اندر باہمی اتفاق و اتحاد اور منصوبہ بندی کے تحت کام کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے ۔ وہ قوم کبھی ناکام نہیں ہوتی ۔ ان خیالات کا اظہار ریجنل پروگرام منیجر اے کے آر ایس پی چترال سردار ایوب نے اے کے ڈی این کی ٹیم کے دورہ گرم چشمہ کے موقع پر آغا خان لوکل کونسل گرم چشمہ میں منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں پریذیڈنٹ فضل حمید کے علاوہ علاقائی معتبرات اور دروشپ و ژیتور گاؤں کے متاثرین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔آرپی ایم نے کہا ۔ کہ جنگلات کی بے دریغ کٹائی ، چراگاہوں کے غیر دانشمندانہ استعمال کی وجہ سے چترال سیلاب کی تباہ کاریوں سے دوچار ہو چکا ہے ۔ جس کیلئے اب بھی سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ بات خوش آیند ہے ۔ کہ سیلاب نے تمام اداروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور باہمی رابطہ کاری سے کام کرنے کا موقع فراہم کیا ۔ اور عوامی سطح پر دیکھا جائے ۔ تو گرم چشمہ کی کمیونٹی کا انتہائی مضبوط اتحاد دوسروں کیلئے قابل تقلید ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ حکومت کے پاس وسائل کی کمی ہے ۔ اس لئے بحالی کے تمام کاموں کیلئے حکومت کا انتظار کرنے کی بجائے مقامی لوگوں کو خود کمر کس لینے کی ضرورت ہے ۔ اور جہاں کام کمیونٹی کی بس سے باہر ہو ۔ اُس میں حکومت یا دیگر اداروں سے مدد طلب کی جائے ۔ آر پی ایم نے گرم چشمہ چترال روڈ کی بحالی کیلئے روزانہ پانچ سو افراد کی اپنی مدد آپ کے تحت کام کرنے کو مقامی کونسل کے پر یذیڈنٹس،علماء اور عمائدین کی باہمی قریبی تعلق اور بہترین ترغیب کا نتیجہ قرار دیا ۔ اور کہا ۔ کہ اس قسم کے کام سرکاری ادارے عوامی مدد کے بغیر انجام نہیں دے سکتے ۔ اور گرم چشمہ کے لوگوں نے روڈ کی بحالی کے سلسلے میں صرف ایف ڈبلیو او پر انحصار نہیں کیا ۔ بلکہ اپنی مدد بھی شامل کردی ۔ اور نتیجتا کم وقت میں راستہ بحال ہوا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اے کے ڈی این کے ادارے جتنی بھی ممکن ہو ۔بحالی کے کام میں گرم چشمہ کی کمیونٹی کی مدد کریں گے ۔ ڈسٹرکٹ منیجر فوکس ہیو منٹرین اسسٹنس چترال امیر محمد نے کہا ۔ کہ یہ پہلا ڈیزاسٹر ہے ۔ جو چترال کے طول و عرض میں پھیلا ہوا ہے ۔ اور چترال میں قیمی انسانی جانوں سمیت املاک ، نہروں ، آبنوشی سکیموں اور سڑکوں کو زبردست نقصان پہنچا ۔ اس لئے فوکس نے سب سے پہلے متاثرین تک خوراک ، ٹینٹ اور دیگر اشیا ء کو فوری طور پر پہنچانے کو ترجیح دی ۔ اور حتی الوسع ان اشیاء کی فراہمی کو ممکن بنانے کی کوشش کی ۔ اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ جب تک زمینی رابطے مکمل طریقے سے بحال نہیں ہوتے۔ تب تک علاقے میں خوراک اور دیگر مسائل حل نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ زمینی رابطے کی بحالی کیلئے گرم چشمہ کے عوام نے انتہائی جذبے کے ساتھ روڈ کے کام میں اپنا حصہ ڈالا ۔ جس کے نتیجے میں روڈ ہلکی ٹریفک کیلئے بحال ہو چکی ہے ۔ یہ کام باہمی اتحاد کا نتیجہ ہے ۔ اجلاس سے آر پی ایم اے کے بی ایس پی محمد کرم ،اور ڈاکٹر نذیر نے بھی بات کی ۔ اور پینے کے صاف پانی کے متاثرہ پائپ لائنوں کی بحالی اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں لوگوں کو یقین دلایا ۔ پریذیڈنٹ آغا خان لوکل کونسل گرم چشمہ فضل حمیدنے مرکزی و صوبائی حکومت پاک آرمی ، چترال سکاوٹس ، ایم این اے ،ایم پی ایز اور ایف ڈبلیو او اور علاقائی ناظمین کا شکریہ ادا کیا ۔ کہ ان کی کوششوں سے چترال گرم چشمہ روڈ بحال ہوا ۔ جو کہ علاقے کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ متاثرہ گرم چشمہ روڈ کی بحالی پرمقامی اٹھارہ سو افراد نے بھی حصہ لیا ۔ جبکہ مقامی لوگوں نے متاثرین کیلئے خود بھی دل کھول کر تعاون کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ حالیہ سیلاب میں یہ محسوس کیا گیا ۔ کہ قدرتی آفات کے حوالے سے ایک جامع پلان کے ساتھ ہمہ وقت الرٹ رضاکاروں اور آفات میں کام آنے والے سامان کے علاوہ ایکسپرٹ افراد کی ضرورت ہے ۔ جبکہ پرنسپل پامیر سکول گرم چشمہ اسلام الدین ،محمد ولی اور سید نور شاہ نے اس بات پر زور دیا ۔ کہ مستقبل میں سیلاب سے محفوظ رہنے کیلئے اقدامات کو ترجیح دی جائے ۔ وقتی طور پر خوراک اور دیگر اشیا کی فراہمی مسئلے کا حل نہیں ہے ۔ انہوں نے فوکس کی طرف سے فوری امداد کی فراہمی اور اس کے رضاکاروں کی دن رات خدمت پر ادارے کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ متاثرہ علاقے کے افراد کو مستقل بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جائیں ۔ تاکہ جانی نقصانا ت سے محفوظ رہ سکیں ۔ انہوں نے فوکس کی طرف سے سیلاب سے متعلق قبل از وقت اطلاعات و معلومات کی فراہمی پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔ اور کیا ۔ گو کہ بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے ۔ تاہم یہ بات خوش آیند ہے ۔ کہ گرم چشمہ میں جانی نقصانات کم ہوئے ہیں ۔ یہ فوکس کی طرف سے اطلاعات و معلومات کی فراہمی کا مثبت نتیجہ ہے ۔ کہ لوگوں نے بروقت اپنی جانیں بچائیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button