Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

امیر جماعت اسلامی چترال لوئر وجیہہ الدین نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چترال کا دورہ کرکے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی پر شدید تشویش کا اظہار

چترال ( فتح اللہ ) امیر جماعت اسلامی چترال لوئر وجیہہ الدین نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چترال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال میں موجود محدود وسائل اور ڈاکٹروں کی کمی کے باوجود اپنی ذمہ داریاں نبھانے والے مخلص ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے اس موقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کو سال 2010 میں کٹیگری بی کا درجہ ملنے کے باوجود، تاحال نہ تو ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیا گیا ہے اور نہ ہی پیرامیڈیکل و نرسنگ اسٹاف کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے ڈاکٹروں کی قلت کے مسئلہ کے باوجود، ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کی جانب سے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے خواتین خصوصاً گائنی ڈاکٹرز کو اپر چترال تبادلہ کرنے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف لوئر چترال بلکہ اپر چترال کے عوام کی صحت کے ساتھ مذاق کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوئر چترال کا ڈی ایچ کیو ہسپتال پہلے ہی سے عملے کی کمی کا شکار ہے، ایسے میں مقامی ڈاکٹرز کا اپر چترال تبادلہ کسی بھی طور پر عوامی مفاد میں نہیں ہے۔ اس فیصلے سے نہ صرف عوام اضطراب کا شکار ہیں بلکہ دونوں ہسپتالوں کے نظام کو بھی خراب کرنے کا موجب بنے گا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال بونی اور ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں بنیادی طبی سہولیات کی کمی کو دور کر دیا جائے ،ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس سٹاف کی اسامیوں کو پر کیا جائے۔ڈاؤن ڈسٹرکٹ سے چترالی ڈاکٹروں کو یہاں لا کر دونوں ہسپتالوں کو درپیش عملے کی کمی کا مسئلہ حل کیا جائے۔

وجیہہ الدین صاحب نے صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی کو پورا نہ کیا گیا اور غیر قانونی تبادلوں پر نظرثانی نہ کی گئی تو جماعت اسلامی عوام کو ساتھ ملا کر بھرپور احتجاج کرے گی.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button