سی ڈی ایل ڈی پالیسی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے زیر نگرانی کام جاری رکھے گی؛ عوامی شمولیت کے لئے مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں
چترال (نامہ نگار) صوبائی حکومت کے عوامی شراکت پر مبنی ترقیاتی پالیسی یعنی CDLDکے نئے فیز میں عوامی شمولیت کو یقینی بنانے اور مقامی کمیونٹی کی باہمی مشاورت کے ذریعے مسائل کی نشاندہی اور ترجیحات کے تعین کے لئے واضح حکمت عملی بنائی گئی اور سی ڈی ایل ڈی پالیسی ضلعی انتظامیہ کے زیر نگرانی اپنے کام جاری رکھے گی۔ یہاں پر مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس محمد حیات شاہ، ڈی پی ایم سی ڈی ایل ڈی کمال عبدالجمیل ، ٹی ا ے کوآرڈنیٹر افسر جان نے سی ڈی ایل ڈی پالیسی کے مختلف امور پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم، یس آر ایس پی کے ڈی پی ایم طارق احمد اور نامور دانشور ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی بھی موجود تھے۔ سی ڈی ایل ڈی کے ذمہ داران نے کہا کہ اس پالیسی کے طریقہ کار میں کوئی بھی شہری اپنے مسئلے کے حل کے لئے درخواست دے سکتا ہے جو کہ عوامی شراکت کا ایک اہم عنصر ہے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس حیات شاہ نے سابقہ ڈی او نور الامین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فنانس اینڈ پلاننگ ڈیپارٹمنٹ میں سی ڈی ایل ڈی کے حوالے سے معاملات کو درست سمت پر ڈالنے میں عملاً کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا اس پالیسی کے روح پر من و عن عملدرآمد کیا جائیگا اور اس سلسلے میں منتخب بلدیاتی نمائندگان اور عوام الناس کی مشاورت سے ویلج کونسل سطح ویلج کونسل ڈویلپمنٹ پلان بنائے جائینگے اور اس عمل میں منتخب بلدیاتی نمائندگان اور مقامی عمائدین معاونت فراہم کرینگے۔ ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر کمال عبدالجمیل نے سی ڈی ایل ڈی پالیسی میں SRSP کے کردار کی بابت گفتگو کرتے ہوئے کہا ان کا ادارہ سی ڈی ایل ڈی پالیسی میں سوشل موبلائزیشن پارٹنر کی حیثیت سے نمایاں کردار ادا کررہا ہے کیونکہ تنظیم سازی کا مشکل مرحلہ اور سروے، ڈیزائن اور اسٹیمیشن انکی ذمہ داریاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے اگلے فیز میں بلدیاتی نمائندگان اور مقامی افراد کا تعاون حاصل کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور اگلے فیز میں سی ڈی ایل ڈی ٹیم مقامی کمیونٹی ، بلدیاتی نمائندگان اور سول سوسائٹی کو لیکر مزید بہتر انداز میں کام کریگی۔ انہوں نے مقامی صحافیوں سے گزارش کی کہ وہ اس ضمن میں سی ڈی ایل ڈی ٹیم کے ساتھ تعاون کریں۔کمال عبدالجمیل نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اسکیموں کی بحالی کے حوالے سے ہنگامی صورتحال میں SRSPنے نہایت تندہی سے اپنے حصے کا کام مکمل کیا جس کی بناء پر بروقت اسکیمیں شروع ہوئیں۔ ٹی اے کنسلٹنٹ افسر جان نے پالیسی میں لائے گئے کچھ تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ان تبدیلیوں کا فائدہ عوام الناس کو ہوگا۔ سی ڈی ایل ڈی کے ذمہ داروں نے کہا کہ پروگرام کا نیا فیز بھی ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی کام کریگی اور ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر اس پروگرام کی سربراہی کرینگے جبکہ ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس اینڈ پلاننگ اس پروگرام کے فوکل پرسن ہونگے۔