محدود وادی میں مختلف مذاہب کے لوگوں کا آپس میں محبت، امن اور بھائی چارے رہنا پوری دنیا کیلئے ایک مثال ہے ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان

چترال (محکم الدین ) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان نے کہا ہے کہ ایک محدود وادی میں مختلف مذاہب کے لوگوں کا آپس میں محبت، امن اور بھائی چارے رہنا پوری دنیا کیلئے ایک مثال ہے ۔ اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ امن و احترام و بھائی چارہ مذاہب الگ ہونے کے باوجود بھی روا رکھی جا سکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز کالاش ویلی بمبوریت کے کالاشہ دور میوزیم کے احاطے میں منعقدہ ایک غیر معمولی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر چترال لوئر انوار الحق ، ڈی پی او چترال لوئر ناصر محمود ، پلاننگ آفیسر اوقاف ڈیپارٹمنٹ صاحب زادہ حیدر جان ، تحصیل میونسپل آفیسر چترال لوئر رحمت خنیف و دیگر آفیسران موجود تھے جبکہ علاقائی سطح پر چیرمین ویلج کونسل بمبوریت خلیل الرحمن ، کونسلر لوک رحمت ، سابق ممبر ڈسٹرکٹ کونسل عبدالمجید قریشی ، سابق ممبر ڈسٹرکٹ کو نسل بہرام شاہ ، چیف کالاش قاضی شیر زادہ کے علاوہ عمائدین علاقہ، کالاش قاضی اور مردوخواتین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ علاقہ قدیم ثقافت کا حامل ہونے کی وجہ سے سیاحت کیلئے انتہائی اہمیت رکھتا ہے ۔ اور میری خواہش تھی ۔ کہ میں اس وادی کی وزٹ کروں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ میں معاون خصوصی وزیر زادہ کی خصوصی دعوت پر فیسٹول میں شریک ہونےکیلئے آیا ہوں ۔ اور میری کوشش ہو گی ۔ کہ میں اس علاقے کے لوگوں کی ہر ممکن سپورٹ کروں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ڈاون ڈسٹرکٹ جہاں خواتین پولیس کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ہم چترال سے لیڈیز پولیس وہاں متعین کرتے ہیں ۔ کیونکہ ان علاقوں خواتین پولیس میں بھرتی نہیں ہوتے ۔ انہوں نے عوامی مطالبے پر بمبوریت کے شیخاندہ گاوں سے اوپر مقامات پر سیاحتی پابندی ہٹانے سے متعلق یقین دلایا ۔ کہ اس حوالے سے مشاورت کے بعد اگر سکیورٹی کا کوئی مسئلہ درپیش نہ ہوا ۔ تو سیاحوں کیلئے کھول دیا جائے گا اس موقع پرڈپٹی کمشنر چترال انوار الحق نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ ضلعی انتظامیہ کالاش وادیوں کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ کالاش ثقافت تمام ثقافتوں کا تاج ہے۔ جس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے بھی وادی کے تمام ائریاز کو سیاحت کیلئے کھولنے سے متعلق کہا ۔ کہ اگر مسئلہ درپیش نہ ہو ۔ تو اس پر غور کیا جائے گا ۔ پلاننگ آفیسر محکمہ اوقاف نے اپنے خطاب میں اقلیتی کوٹہ دو فیصد سے بڑھا کر پانچ فیصد کرنےاور مختلف تعلیمی وظائف ، بزنس گرانٹ اور کالاش عبادت گاہوں کی تعمیر کو وزیر زادہ بھر پور کوششوں کا نتیجہ قرار دیا ۔ اور کہا ۔ کہ اس سلسلے میں مزید اقدامات جاری ہیں ۔ قبل ازین ویلج کونسلر لوک رحمت اور چیرمین ویلج کونسل خلیل الرحمن نے اپنے خطاب میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ اور سپاسنامہ پیش کرتے ہوئےخلیل الرحمن نے کالاش ویلیز کی پسماندگی کے پیش نظر پولیس بھرتیوں میں یہاں کے نوجوانوں کوترجیح دینے کی اپیل کی ۔ انہوں نے بمبوریت ویلی میں سیاحت کو فروغ دینے اور نئے سیاحتی مقامات متعارف کرنے کیلئے شیخاندہ سے آگے 13 کلومیٹر کا ائریا کھولنے کامطالبہ کیا ۔ اور کہا ۔ کہ کلچر اینڈ ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام کیلنڈر ایونٹ کے طورپر سالانہ ونٹر سپورٹس فیسٹول کا انعقاد وادی میں کیا جائے ۔ تاکہ سرمائی سیاحت کو ترقی مل سکے ۔ انہوں نے کالاش وادیوں میں ترقیاتی کام کرنے پر محکمہ اوقاف ، مائنارٹی افئیرز کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر تینوں کالاش ویلیز کے قاضیوں کیلئے مجموعی طور پر تین لاکھ روپے کے اعزازیے کے چیک تقسیم کئے گئے ۔ قبل ازین آر پی او ملاکنڈ سجاد خان اور ڈی سی چترال لوئر جب کالاش وادی بمبوریت پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا ۔ انہیں کالاش روایتی لباس چپان اور چترالی ٹوپی پہنائے گئے ۔